فائربریگیڈ تاخیر سے پہنچی، گل پلازہ کے دکانداروں کا انکشاف

کراچی کے مشہور تجارتی مرکز گل پلازہ کے دکانداروں نے شکوہ کیا ہے کہ فائر بریگیڈ تاخیر سے پہنچی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں لگنے والی آگ شدت اختیار کر گئی جس کے باعث اسے تیسرے درجے کی قرار دے دیا گیا۔

آتشزدگی کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوئے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمی ہونے والوں میں سے 8 آگ سے جھلسے ہیں۔

واقعے کے بعد گورنر سندھ گل پلازہ پہنچے جہاں انہوں نے متاثرہ تاجروں سے ملاقات کی۔

اس دوران دکانداروں نے شکوہ کیا کہ فائر بریگیڈ تاخیر سے پہنچی اور گاڑیوں میں پانی بھی نہیں تھا۔

اس پر گورنر سندھ نے کہا کہ ابھی ان باتوں کا وقت نہیں پہلے انسانی جانیں بچانی ہیں۔

ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ دکاندار کہہ رہے ہیں کہ عمارت میں 100 لوگ پھنسے ہوئے ہیں، آگ بجھے تو انسانی جانیں بچانے کی کوشش کی جائے گی۔

دکانداروں کے دعوے پر گورنر سندھ نے کہا کہ عمارت میں لوگوں کے محصور ہونے کی کوئی حتمی تصدیق نہیں ہوسکی ہے جبکہ یہاں لوگ جو بھی باتیں کررہے ہیں ہم وہ صرف سن رہے ہیں۔

دوسری جانب میئر کراچی نے آتشزدگی کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تمام بلدیاتی اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

میئر کراچی کی ہدایت پر میونسپل کمشنر کی سربراہی میں بلدیہ عظمیٰ کی ہیوی مشینری بھی جائے وقوعہ پہنچی۔

Similar Posts