گل پلازہ آتشزدگی، بلاول بھٹو کا جانی و مالی نفقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع ایک شاپنگ پلازہ میں لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور بھاری مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آتشزدگی کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ اور میئر کراچی کو ہدایت کی کہ آگ بجھانے اور ریسکیو آپریشن کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور متاثرین کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے۔

انہوں نے واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آتشزدگی کی وجوہات کا تعین کیا جائے اور مستقبل میں اس نوعیت کے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے زور دیا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں حفاظتی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے اور غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

Similar Posts