میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب ریسکیو آپریشن کی نگرانی کے لیے خود گل پلازہ پہنچ گئے۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ ہر صورت میں ریسکیو آپریشن مکمل کیا جائے اور متاثرین کی تلاش کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔
میئر کراچی نے کہا کہ جب تک تمام لاپتہ افراد کا سراغ نہیں مل جاتا اور ریسکیو آپریشن مکمل نہیں ہوتا، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام محکمے الرٹ رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ضلع انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا ہے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز کو ہدایت جاری کی کہ ریسکیو آپریشن کے لیے مشینری اور دستیاب وسائل میں فوری اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
ریسکیو ٹیمیں مسلسل ملبہ ہٹانے اور بیسمنٹ کی مکمل کلیئرنس کے عمل میں مصروف ہیں، جبکہ موقع پر سیکیورٹی اور ایمرجنسی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔