ایس ای سی پی نے مالی شمولیت کے فروغ اور کاروبار میں آسانی کے لیے جاری اقدامات کے تحت ایسٹ مینجمنٹ کمپنیوں (اے ایم سی)کو یہ اختیار دے دیا ہے کہ وہ پاکستانی رہائشی انفرادی صارفین کے لیے سہل سرمایہ کاری اکاؤنٹس براہ راست کھول سکیں۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ کم رسک والے اکاؤنٹس ایسٹ مینجمنٹ کمپنیاں (اے ایم سی) اپنی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز یا درخواست فارم کے ذریعے ایک سادہ جانچ پڑتال کے نظام کے تحت کھول سکیں گی۔
اس سے قبل یہ اکاؤنٹس صرف برانچ لیس بینکنگ ایجنٹس، الیکٹرونک منی انسٹیٹیوٹ یا مقررہ بینکوں کے ذریعے کھولے جاتے تھے۔
مزید بتایا گیا کہ اس توسیعی سہولت کے تحت، ایسٹ مینجمنٹ کمپنیاں (اے ایم سی) صارفین سے مطلوبہ معلومات حاصل کرکے ضروری تصدیقی عمل مکمل کریں گی اور سہل سرمایہ کاری اکاؤنٹس کے لیے مقررہ سرمایہ کاری اور لین دین کی حدود پر عمل درآمد یقینی بنائیں گی۔
بیان میں کہا گیا کہ اضافی معلومات اور دستاویزات کی تکمیل کے بعد سہل سرمایہ کاری اکاؤنٹ کو سہولت سرمایہ کاری اکاؤنٹ یا سرمایہ کاری اکاؤنٹ میں تبدیل کیا جا سکے گا، جس کے بعد صارفین سہل اکاؤنٹ کی مقررہ حدود سے زیادہ سرمایہ کاری کر سکیں گے۔
ایس ای سی پی کے مطابق یہ اقدام ایسٹ مینجمنٹ کمپنیوں (اے ایم سی) کو سادہ کے وائی سی طریقہ کار کے تحت لو رسک والے صارفین کو شامل کرنے میں مدد دے گا، جس سے مائیکرو سیونگ کو فروغ ملے گا اور ملک میں مالی شمولیت میں اضافہ ہوگا۔
بتایا گیا کہ سہل سرمایہ کاری اکاؤنٹ کم آمدنی والے طبقات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے جو ایک آسان اور وقت کی بچت کرنے والا آن بورڈنگ عمل فراہم کرتا ہے اور صارفین کو لورسک والی مختلف مجموعی سرمایہ کاری اسکیموں میں اپنی بچت سرمایہ کاری کا موقع دیتا ہے۔