بھارتی ائیرپورٹ پر شرمناک واقعہ، غیر ملکی خاتون سے مبینہ جنسی ہراسانی، گراؤنڈ اسٹاف گرفتار

بھارت کے کیمپی گوڑا انٹرنیشنل ائیرپورٹ، بنگلورو پر ایک کورین خاتون کو مبینہ طور پر گراؤنڈ اسٹاف کے ایک اہلکار کی جانب سے جنسی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔ واقعہ 19 جنوری کو پیش آیا، جس کے بعد ملزم کو حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

بھارتی میڈیا این ڈی ٹی وی کے مطابق متاثرہ خاتون نے پولیس میں درج شکایت میں بتایا کہ وہ جنوبی کوریا جانے والی پرواز کے لیے امیگریشن مکمل کرنے کے بعد ٹرمینل کی طرف جا رہی تھیں، اسی دوران گراؤنڈ اسٹاف کے ایک مرد اہلکار، جس کی شناخت محمد عفان کے نام سے ہوئی، نے ان سے ٹکٹ طلب کیا۔

خاتون کے مطابق اہلکار نے دعویٰ کیا کہ ان کے چیک اِن سامان میں مسئلہ ہے اور مزید جانچ کی ضرورت ہے۔ اس نے یہ بھی کہا کہ دوبارہ چیکنگ میں وقت لگ سکتا ہے اور اس دوران ان کی پرواز چھوٹنے کا خدشہ ہے، لہٰذا الگ جگہ پر جانچ کی جا سکتی ہے۔

شکایت کے مطابق اہلکار خاتون کو مردوں کے واش روم کے قریب لے گیا جہاں اس نے اعتراض کے باوجود غیر اخلاقی حرکات کیں۔ مزاحمت پر اہلکار نے مبینہ طور پر خاتون کو گلے لگا کر شکریہ کہا اور وہاں سے چلا گیا۔

متاثرہ خاتون نے واقعے کی فوری اطلاع ائیرپورٹ سکیورٹی کو دی، جس کے بعد ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس نے ائیرپورٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا، جس میں مبینہ طور پر ملزم کی قابلِ اعتراض حرکت کی تصدیق ہوئی۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

Similar Posts