فوج ہر پاکستانی کی ہے الزامات نہیں لگنے چاہئیں، رہنما پی ٹی آئی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بریگیڈیئر (ر) مشتاق احمد نے عمران خان سے کسی بھی پارٹی رہنما کو ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر حکومتی اقدامات پر تنقید کی تاہم بتایا کہ فوج ہر پاکستانی کی ہے الزامات نہیں لگنے چاہئیں۔

اڈیالہ روڈ داہگل ناکہ پر میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنما بریگیڈیئر ریٹائرڈ مشتاق نے کہا کہ 50 دن ہوگئے ہیں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ قید تنہائی میں ہیں، جو تشدد کے زمرے میں آتا ہے، جو آج ہمیں ملاقات نہیں کرنے دے رہے ان کے ساتھ کل ایسا ہوا تو یہ کیسا محسوس کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی مقتدر حلقے ہیں، ظلم و زیادتی کر رہے ہیں، انتظامیہ خاص طور پر حکومت پنجاب کر رہی ہے، انہیں کہتے ہیں ہمیں ملاقات کرنے دیں اس سے ملک کے حالات میں بہتری آئے گے۔

ان کا کہنا تھا کہ معیشت تباہ ہو چکی ہے ملک کے سیاسی مسائل بڑھتے جا رہے ہیں، ملک میں اتنی فالٹ لائنز پیدا ہو چکی ہیں ان کو کیوں وسیع کیا جا رہا ہے، مشرق وسطی میں کتنی تبدیلیاں آ رہی ہیں ہمارے لیے تو وہ اصل مسائل ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں، فوج ہر پاکستانی کی ہے الزامات نہیں لگنے چاہئیں، کسی ادارے، شخص یا حکومت کو پاک فوج کا نام لے کر اپنے گناہوں کو اس کے پیچھے نہیں چھپانا چاہیے، ہم میں سے کسی کی پاک فوج سے بطور ادارہ رنجش نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ صرف یہ ہے کہ آئین و قانون کے تحت اداروں کا جو کردار ہے وہ ادا کریں، بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات کی کوئی بنیاد نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ کو پارٹی اون کرتی ہے اس پر جو کچھ آتا ہے پارٹی اس کو بھی اون کرتی ہے۔

بریگیدیئر (ر) مشتاق احمد نے کہا کہ 15 کلو ہیروئن والا کیس آپ کو یاد ہے وہ کہاں گیا، جنہوں نے کیا تھا انہوں نے کر لیا جنہوں نے چھوڑنا تھا انہوں نے چھوڑ بھی دیا، اس کا جواب آپ جاکر ان سے پوچھ لیں جنہوں نے پکڑا تھا۔

Similar Posts