کراچی، ایئرپورٹ پر اے این ایف کی کارروائی، سعودی عرب جانے والے مسافر سے منشیات برآمد

اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نےجناح ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب جانے والے مسافر کے سامان سے 875گرام آئس اور90 گرام ہیروئن برآمد کرلی۔

ترجمان  اے این ایف کے مطابق کراچی ائیرپورٹ پر عمرے کی غرض سے سعودی عرب جانے والے مسافر کو مشکوک قرار دیے جانے کے بعد سامان کی تلاشی لی گئی اور اس دوران مسافر سے 875گرام آئس اور 90گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ مذکورہ کارروائی میں ایک ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ بلوچستان کےعلاقے کچلاک بائی پاس ڈسٹرکٹ کوئٹہ کے قریب گاڑی سے 78 کلوگرام چرس برآمد کی گئی اور اسی مقام پر ایک دوسری کارروائی کے دوران 61کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ کارروائیوں میں دو ملزمان کی گرفتاری ہوئی۔

دیگر کارروائیوں کے بارے میں ترجمان نے بتایا کہ چونگی نمبر 26 اسلام آباد کے قریب گاڑی سے 18کلوگرام چرس برآمد کی گئی اور جی ٹی روڈ راولپنڈی پر اسپتال کے قریب ملزم سے2.2کلوگرام چرس برآمد کی گئی اور دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق مجموعی کارروائیوں کے دوران 195.22کلوگرام منشیات پکڑی گئی، جس کی مالیت دو کروڑ35لاکھ روپے کے لگ بھگ ہے، کارروائیوں کا انسداد منشیات ایکٹ 1997کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

Similar Posts