پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11 ویں ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی 11 فروری کو کرانے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 11 میں پلیئر آکشن 11 فروری کو منعقد ہوگا، جس کے لیے کھلاڑیوں کی بیس پرائز کا بھی اعلان کیا گیا ہے جب کہ پلیئرز کی بیس پرائس پاکستانی روپے میں ہوگی۔
ٹاپ کیٹیگری کے کھلاڑیوں کی بیس پرائس 4 کروڑ 20 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، دوسری کیٹیگری کی بیس پرائس 2 کروڑ 20 لاکھ روپے جب کہ تیسری کیٹیگری کی بیس پرائس 1 کروڑ 10 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ اسی طرح چوتھی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کی بیس پرائس 60 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔
ہر فرنچائز کے لیے کم از کم 16 اور زیادہ سے زیادہ 20 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ تشکیل دینا لازم ہوگا۔ اسکواڈ میں 5 سے 7 غیر ملکی کھلاڑی شامل کیے جا سکیں گے جب کہ پلیئنگ الیون میں کم از کم 3 اور زیادہ سے زیادہ 4 غیر ملکی کھلاڑیوں کی شمولیت لازمی قرار دی گئی ہے۔
ہر ٹیم کے لیے 2 انڈر 23 ان کیپڈ کھلاڑی اسکواڈ میں شامل کرنا ضروری ہوگا جب کہ انڈر 23 کھلاڑی کی پلیئنگ الیون میں شمولیت بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔ آکشن کے ذریعے منتخب ہونے والے کھلاڑیوں کو 2 سالہ معاہدہ دیا جائے گا۔
پی سی بی نے فرنچائزز کو ایک غیر ملکی کھلاڑی براہ راست سائن کرنے کا اختیار بھی دے دیا ہے، جس سے ٹیموں کو اپنے اسکواڈ مزید مضبوط بنانے میں سہولت حاصل ہوگی۔
پی ایس ایل 11 کے پلیئرز آکشن کے لیے ورکشاپ کا انعقاد
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے لیے پلیئرز آکشن کے حوالے سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ پلیئرز آکشن کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ورکشاپ میں مدعو کیا گیا، جس کا مقصد طریقہ کار سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) محسن نقوی نے بھی ورکشاپ میں خصوصی شرکت کی اور پلیئرز کو فرنچائز میں برقرار رکھنے کی تعداد کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ تمام فرنچائزز کو یکساں لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے گی، چیف ایگزیکٹیو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر نے آکشن ورکشاپ کےخدوخال کے بارے میں بریف کیا۔
پی ایس ایل 11 کی ورکشاپ سے کرکٹرز کی کیٹیگری اور بیس پرائس کا تعین ہو سکے گا، جس میں فرنچائزز نمائندگان کے ساتھ قومی کرکٹرز بھی شریک ہوئے۔
ورکشاپ میں سلمان علی آغا، بابر اعظم، حسن علی، فخر زمان، شاداب خان، فہیم اشرف، سلمان مرزا، شاہین شاہ آفریدی، حسن نواز، نسیم شاہ، عثمان خان، وسیم جونیئر اور محمد نواز نے شرکت کی۔