غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں فائرنگ کے واقعات میں 3 فلسطینیوں کو شہید کردیا جبکہ ڈرون حملے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔
طبی عملے نے بتایا کہ شمالی غزہ کے قریبی علاقے التفاح میں فائرنگ کرکے دو فلسطینیوں کو شہید کیا اور خان یونس میں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے 41 سالہ فسلطینی شہید ہوگیا۔
قبل ازیں وزارت صحت نے بتایا تھا کہ غزہ سٹی میں ایک کثیرالمنزلہ عمارت کی چھت پر اسرائیلی ڈرون گرا تھا، جس کے دھماکے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ خان یونس میں فائرنگ سے فلسطینی شہری کے شہید ہونے کے واقعے کا علم نہیں ہے جبکہ التفاح میں فائرنگ کے حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ میں امن کے لیے پیس بورڈ کے قیام کا اعلان کیا ہے اور جلد ہی غزہ میں بحالی کا مشن شروع کردیا جائے گالیکن اسرائیلی فوج کی جانب سے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور روزانہ کی بنیاد پر فلسطینیوں کی شہادت ہو رہی ہے۔
امریکی سفیر اسٹیو ویٹکوف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان میں کہا کہ انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو سے ملاقات کی جس میں غزہ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ گفتگو تعمیری اور مثبت تھی اور دونوں فریقین اگلے مرحلے کے لیے تیار ہیں اور خطے کے سنگین معاملات پر تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر بات کی۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل نے 7 اکتوبر 2023 کو شروع کی گئی وحشیانہ کارروائیوں میں اب تک 71 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے، جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔