اسرائیل کے ساتھ جنگ کے بعد میزائل پاور میں اضافہ کردیا ہے، ایران

ایران کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ گزشتہ برس جون میں اسرائیل کے ساتھ جنگ میں استعمال کیے گئے میزائلوں کے مقابلے میں اپنی میزائل پاور مزید بہتر کردی ہے۔

ایران کی وزارت دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل رضا طلائی نیک نے کہا ہے کہ ایران نے میزائل کی صلاحیت کے ساتھ ساتھ اسرائیل کے ساتھ جنگ کے بعد میزائلوں کی تعداد میں بھی اضافہ کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی میزائلوں کی صلاحیت اور تعداد 12 روزہ جنگ کے مقابلے میں بڑھ گئی ہے اور میزائل کی دفاعی صلاحیت مضبوط ہوئی ہے اور جنگ سے حاصل تجربے کی وجہ سے مزید مؤثر ہوگئی ہے۔

بریگیڈیئر جنرل رضا طلائی نیک نے کہا کہ ایران نے خطرات کے پیش نظر مخصوص صلاحیت کے حامل میزائل تیار کرلیا ہے تاہم ایسی تیاریوں کو خفیہ رکھا جائے گا تاکہ صحیح وقت پر دشمن کو حیران کن جواب دیا جائے۔

انہوں نے ایران کے خلاف حالیہ دھمکیوں کو مسترد کردیا اور کہا کہ دشمن کی ایران کے حوالے سے بزدلانہ دھمکیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ ایران کی دفاعی صلاحیت اور میزائل پاور سے خوف زدہ ہے۔

یاد رہے کہ ایران نے اسرائیل کے ساتھ جنگ میں میزائلوں کا استعمال کیا تھا اور اسرائیل کو بڑا نقصان پہنچا تھا جہاں ان کے فوجی اور معاشی تنصیبات ایرانی میزائلوں کی زد میں آگئی تھیں۔

ایرانی ماہرین کا خیال ہے کہ اسرائیلی تنصیبات پر ایرانی میزائل حملوں کے نتیجے میں امریکا نے 24 جون کو  جنگ بندی کا اعلان کیا۔

ایران کے حکام اور فوجی کمانڈرز نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے حملے کا فیصلہ کیا تو ایران خطے میں موجود امریکی تنصیبات کو نشانہ بنائے گا۔

Similar Posts