محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک کے مشرقی علاقوں پر اثر انداز ہو رہا ہے۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق مغربی سسٹم آج ملک کے بالائی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے گا اور اس کے زیر اثربالائی سندھ کے علاقوں سکھر، قمبر شہداد کوٹ، شکارپور، جیکب آباد اور داود کےاضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ارلی وارننگ سینٹر نے بتایا کہ کراچی سمیت زیریں سندھ کے اضلاع میں بارش کا امکان نہیں ہے اور صوبے کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں آج بھی معمول سے تیز ہوائیں چلنے کا سلسلہ برقرار رہے گا، پیر اور منگل کو شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 9 سے 11 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
شہر میں اتوار کو کم سے کم پارہ 8.5 اور زیادہ سے زیادہ 21.8 ڈگری ریکارڈ ہوا، صبح کے وقت دھند چھانے کی وجہ سےحد نگاہ 4 کلومیٹر ریکارڈ ہوئی۔