بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی 2 کارروائیاں، 17 دہشتگرد ہلاک، جوان شہید
بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں سیکیورٹی فورسز نے 2 انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 17 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے جب کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے کا ایک جوان بھی شہید ہوگیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے یکم نومبر 2026 کو بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر 2 الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کچھی کے علاقے سنی میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے شہر میں ناکہ بندی کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنادیا۔ آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع خاران میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا سراغ لگا کر اسے تباہ کردیا، کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 7 دہشت گرد مارے گئے جب کہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
خاران میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی حکمت اللہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، شہید سپاہی کی عمر 25 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دونوں علاقوں میں کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کی موجودگی کا خاتمہ یقینی بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان سے متعلق وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ’عزم استحکام‘ کے تحت پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بھرپور مہم جاری رہے گی، ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔
صدر، وزیراعظم، وزیر داخلہ کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 17 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
صدرِ مملکت نے ضلع کچھی میں دہشت گردوں کی جانب سے سڑک کی ناکہ بندی کی کوشش ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا اور کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی قابلِ تحسین ہے۔
آصف زرداری نے ضلع خاران میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کے خلاف کامیاب کارروائی اور دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر بھی سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران سپاہی حکمت اللّہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطنِ عزیز کے دفاع اور امن و سلامتی کے لیے سپاہی حکمت اللّہ کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
صدرِ مملکت نے شہید سپاہی حکمت اللّہ کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہارِ تعزیت کیا اور اللّہ تعالیٰ سے شہید کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔
آصف زرداری نے مزید کہا کہ وطنِ عزیز سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی، دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل جدوجہد اور قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز کو سراہتے ہوئے 17 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دونوں اضلاع میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کیں۔
شہباز شریف نے ضلع خاران میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے سپاہی حکمت اللہ کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شہید سپاہی حکمت اللہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کررہی ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 17 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کی ہلاکت پرسیکیورٹی فورسز کوسلام پیش کرتا ہوں۔
محسن نقوی نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت قوم کا سرمایہ ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے بلوچستان میں دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی حکمت اللہ کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سپاہی حکمت اللہ نے وطن کی خاطر اپنی جان قربان کرکے ایک اعلیٰ مثال قائم کی۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔