بھارت میں یومِ جمہوریہ سے عین قبل پولیس نے ایک بڑی تباہی کے منصوبے کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے، حکام کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، جبکہ گرفتار ملزم سے تفتیش کے لیے مرکزی ایجنسیوں کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے یومِ جمہوریہ سے ایک روز قبل راجستھان کے ضلع ناگور میں پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک فارم سے تقریباً دس ہزار کلوگرام بارودی مواد برآمد کر لیا اور ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی۔
ناگور کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس مردول کچاوہا نے بتایا کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ہرسور گاؤں میں چھاپہ مارا گیا، جہاں ایک کھیت سے 9 ہزار 550 کلوگرام امونیم نائٹریٹ برآمد ہوا۔ یہ مواد 187 بوریوں میں بھرا ہوا تھا۔
پولیس کے مطابق امونیم نائٹریٹ ماضی میں کئی بڑے دھماکوں میں استعمال ہو چکا ہے، جن میں نومبر 2025 میں دہلی کے لال قلعہ کے قریب ہونے والا دھماکہ بھی شامل ہے۔
پولیس نے موقع سے سلیمان خان نامی شخص کو گرفتار کیا، جو ہرسور گاؤں کا رہائشی ہے۔ ایس پی کے مطابق ملزم کے خلاف پہلے سے تین فوجداری مقدمات درج ہیں۔
امونیم نائٹریٹ کے علاوہ پولیس نے دھماکہ خیز مواد میں استعمال ہونے والے دیگر آلات بھی ضبط کیے، جن میں ڈیٹونیٹرز کے نو کارٹن، نیلی فیوز وائر کے 12 کارٹن اور 15 بنڈل، جبکہ سرخ فیوز وائر کے 12 کارٹن اور پانچ بنڈل شامل ہیں۔
ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم مبینہ طور پر قانونی اور غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد کو یہ بارودی مواد فراہم کر رہا تھا۔ پولیس نے اس معاملے میں ایکسپلوسِوز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس بڑی برآمدگی کے بارے میں مرکزی ایجنسیوں کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے، جو اب اس کیس کے وسیع تر پہلوؤں کی تحقیقات کے لیے ملزم سے پوچھ گچھ کریں گی۔