ہیڈ مرالہ کے مقام پر پہلی بار غیر معمولی آبی پرندے کی موجودگی کی تصدیق

پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں واقع ہیڈ مرالہ کے مقام پر پہلی بار غیر معمولی آبی پرندہ سمیو بطخ  دیکھے جانے کی تصدیق ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسے آبی حیات کے تحفظ اور قدرتی مسکن کی بہتری کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ وائلڈلائف رینجرز پنجاب کے مطابق سمیو بطخ کو ایک وائلڈلائف فوٹوگرافر نے ہیڈ مرالہ جھیل میں تیرتے ہوئے دیکھا اور اس منظر کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کر لیا۔

بعد ازاں تصاویر کی جانچ کے بعد ماہرین نے پرندے کی شناخت سمیو بطخ کے طور پر کی۔ وائلڈلائف رینجرز پنجاب کا کہنا ہے کہ سمیو بطخ عموماً یورپ اور شمالی ایشیا کے سرد علاقوں میں پائی جاتی ہے اور موسم سرما میں محدود تعداد میں جنوبی علاقوں کی جانب ہجرت کرتی ہے۔

تاہم پاکستان میں اس کی موجودگی شاذ و نادر ہی ریکارڈ کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق ہیڈ مرالہ میں اس پرندے کی موجودگی اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ علاقے میں آبی ماحول اور قدرتی مسکن مہاجر پرندوں کے لیے موزوں ہو رہا ہے جو آبی حیات کے تحفظ سے متعلق اقدامات کی کامیابی کو ظاہر کرتا ہے۔

وائلڈلائف رینجرز  پنجاب کے حکام نے بتایا کہ ہیڈ مرالہ کے علاقے میں پرندوں کی نگرانی، قدرتی مسکن کے تحفظ اور غیر قانونی شکار کی روک تھام کے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ نایاب اور مہاجر پرندوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

Similar Posts