سانحہ گل پلازہ کے بعد سے ہزاروں گھر گیس بندش سے متاثر، شہریوں کی حکومت سے اپیل

سانحہ گل پلازہ کے بعد مارسٹن روڈ اوراطراف میں گزشتہ 11  روز سے گیس کی سپلائی معطل ہونے سے علاقہ مکینوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گل پلازہ میں خوفناک آتشزدگی کے واقعے کے بعد سے مارسٹن روڈ اوراطراف میں گزشتہ 11 روزسے گیس کی سپلائی معطل ہے جس کے باعث علاقہ مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

علاقہ مکین گیس کے بل لیکر ڈپٹی کمشنرکے دفترپہنچ گئے، علاقہ مکینوں نے  بتایا جس روزگل پلازہ میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ اس روزسے پورے علاقے میں گیس کی سپلائی معطل ہے اورشہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ایک اندازے کے مطابق گیس کی بندش سے 10 ہزار گھر متاثرہو رہے یں جہاں گیس نہیں آ رہی اور شہری گیس کے سلینڈرخرید کرگزارا کرنے پرمجبور ہیں اورعلاقہ مکین دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ وہ سوئی گیس کمپنی میں شکایت لے کر گئے تھے لیکن کمپنی والے کہتے ہیں جب تک ڈی سی آفس سے اجازت نہیں ملے گی فراہمی بحال نہیں ہوگی۔

علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ مارسٹن روڈ اوراطراف میں گیس کی سپلائی فوری بحال کرنے کے لیے اقدامات کریں تاکہ شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔

Similar Posts