کیلیفورنیا کے شہر فلرٹن میں ایک انتہائی تشویشناک واقعہ پیش آیا جہاں 19 ماہ کا ایک کمسن بچہ چلتی ہوئی اسپورٹس یوٹیلیٹی وہیکل (ایس یو وی) گاڑی سے باہر جا گرا۔ پولیس کے مطابق ایک خاتون کو اس وقت گرفتار کرلیا گیا ہے۔
فوکس نیوز کے مطابق واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد صورتحال واضح ہوئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی شہر کے ایک مصروف چوراہے نارتھ یُوکلڈ اسٹریٹ اور ویسٹ مالورن ایونیو پر بائیں جانب مڑ رہی تھی۔ اسی دوران گاڑی کا اگلا دروازہ اچانک کھل گیا اور کمسن بچہ سڑک پر جاگرا۔ سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑی فوراً رک گئی، جس سے پیچھے آنے والی گاڑی کے ساتھ حادثہ ہوتے ہوتے بچ گیا۔
ویڈیو میں یہ بھی دیکھا گیا کہ ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھی خاتون فوراً گاڑی سے اتری، بچے کو سڑک سے اٹھایا اور دوبارہ گاڑی میں بیٹھ کر وہاں سے روانہ ہو گئی۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ 20 جنوری کو پیش آیا تھا، تاہم 24 جنوری کو ایک عینی شاہد نے سامنے آ کر پولیس کو اس بارے میں اطلاع دی اور گاڑی سے متعلق شناختی معلومات فراہم کیں۔
اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کیں اور بعد ازاں لا ہابرا میں ایک رہائش گاہ پر گاڑی، بچے اور خاتون کو تلاش کر لیا گیا۔ پولیس نے 35 سالہ جیکولین میری ہرنینڈز کو حراست میں لے لیا، جن پر بچے سے بدسلوکی کے شبہے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کو گرنے کے باعث چوٹیں آئیں، جس کے بعد اسے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج کیا گیا۔ طبی عملے کے مطابق بچے کی حالت بہتر ہے اور اس کے مکمل طور پر صحت یاب ہونے کی توقع ہے۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات ابھی جاری ہیں۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس اس واقعے سے متعلق مزید معلومات ہوں تو وہ فلرٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کے سینسٹو کرائمز یونٹ سے رابطہ کریں۔