امریکا کے وسطی اور مشرقی علاقوں میں شدید سرد طوفان کے باعث اب تک کم از کم 38 افراد ہلاک ہوگئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ملک کا دو تہائی حصہ اب بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے، برفباری کے باعث 12 ہزار پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ ساڑھے 5 لاکھ سے زائد افراد بجلی سے محروم ہیں۔
44 ریاستوں کے تقریباً 20 کروڑ افراد کے لیے شدید ترین ٹھنڈ کی وارننگ جاری کی گئی ہے جبکہ 24 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
نیویارک سٹی میں طوفان کے باعث 10 افراد ہلاک ہوئے، جہاں درجہ حرارت آٹھ سال کی کم ترین سطح پر پہنچ کر 8 ڈگری فارن ہائیٹ ریکارڈ کیا گیا۔ شہر کے میئر زوہران ممدانی نے بتایا کہ تمام ہلاک شدہ افراد کھلے مقامات پر پائے گئے، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا وہ بے گھر تھے یا نہیں۔ ان کے مطابق بعض افراد کا ماضی میں شیلٹر سسٹم سے رابطہ رہا تھا، جبکہ اموات کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔
شدید موسم کے پیش نظر نیویارک سٹی میں بے گھر افراد کی سالانہ مردم شماری فروری کے اوائل تک مؤخر کر دی گئی ہے۔ میئر ممدانی کا کہنا تھا کہ اس وقت ترجیح لوگوں کو سردی سے بچا کر محفوظ مقامات پر منتقل کرنا ہے۔ ان کے مطابق 19 جنوری سے اب تک تقریباً 500 بے گھر افراد کو شیلٹرز میں منتقل کیا گیا، جبکہ طبی مسائل کے شکار 350 افراد پر ہر دو گھنٹے بعد نگرانی کی جا رہی ہے۔
ٹینیسی کے شہر نیش وِل میں بھی صورتحال تشویشناک ہے، جہاں ایک لاکھ پینتیس ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہیں۔ حکام کے مطابق بدھ کی صبح درجہ حرارت 6 ڈگری فارن ہائیٹ تک گرنے کا امکان ہے، جبکہ ہوا کے باعث سردی کی شدت صفر سے بھی کم محسوس کی جا سکتی ہے۔ شہر کے میئر فریڈی اوکونل نے اس صورتحال کو تاریخی آئس اسٹورم قرار دیا۔
نیش وِل میں تمام سرکاری اور اضافی شیلٹرز بھر چکے ہیں، جہاں تقریباً 1,400 بے گھر افراد کو پناہ دی گئی ہے۔ ریسکیو ادارے، پولیس اور فائر فائٹرز اضافی ڈیوٹیاں انجام دے رہے ہیں۔ نیش وِل ریسکیو مشن کے مطابق سردی کی لہر کے دوران مدد کے لیے آنے والوں کی تعداد معمول سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔
حکام کے مطابق مختلف ریاستوں میں ہلاکتوں کی وجوہات میں ہائپوتھرمیا، شدید سردی میں طویل وقت گزارنا اور برف صاف کرتے ہوئے دل کے دورے شامل ہیں۔ ٹیکساس کے شہر بونہم میں تین کم عمر بچے برف سے جمی جھیل میں گر کر جان کی بازی ہار گئے، جبکہ آسٹن میں ایک شخص خالی پٹرول پمپ میں پناہ لینے کے دوران سردی سے ہلاک ہو گیا۔ اسی نوعیت کی اموات کنساس، کینٹکی، لوئیزیانا، مسیسیپی، جنوبی کیرولائنا، ٹینیسی اور مشی گن میں بھی رپورٹ ہوئیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں تقریباً 20 کروڑ افراد اب بھی یکم فروری تک سرد موسم کی وارننگ کے زیرِ اثر رہیں گے۔ ماہرین ایک اور ممکنہ سرد طوفان پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں، جو آئندہ ہفتے کے اختتام پر مشرقی امریکا کو متاثر کر سکتا ہے۔