برطانوی جریدے کے مطابق برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے انسانی اسمگلنگ کے الزامات پر افغان شہری کو گرفتار کیا۔ گرفتاری کے بعد گلاسگو اور برمنگھم میں دو مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے، جہاں سے متعدد اہم دستاویزات اور الیکٹرانک آلات ضبط کیے گئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق گرفتار افغان شہری اس نیٹ ورک کا اہم کردار ہے جو آئرلینڈ سے برطانیہ تک مہاجرین کی غیر قانونی نقل و حرکت میں ملوث رہا ہے۔
افغان جریدہ ہشت صبح کے مطابق یہ افغان نیٹ ورک برطانیہ اور آئرلینڈ کے درمیان انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی مہاجرت میں سرگرم تھا۔
برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ غیر قانونی نقل و حرکت اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث افغان نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔
این سی اے کے مطابق اس سے قبل ڈبلن سے گرفتار ہونے والے 26 سالہ افغان شہری پر بھی انسانی اسمگلنگ کے الزامات عائد کیے جا چکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق غیر قانونی سرگرمیوں اور انسانی جرائم میں ملوث ہونے پر پاکستان، ایران، ترکیہ اور برطانیہ سمیت کئی ممالک افغان شہریوں کو ملک بدر کر چکے ہیں۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ حالیہ گرفتاری سے ایک بار پھر یہ بات سامنے آئی ہے کہ طالبان حکومت جرائم اور انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کو روکنے میں مؤثر کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔