’اٹارنی جنرل ہی پیش ہوں گے‘انجنیئر محمد علی مرزا کیخلاف گستاخی سے متعلق کیس میں عدالت کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے انجنیئر محمد علی مرزا کو گستاخی کا مرتکب قرار دینے کی اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے معطل کرنے کے حکم میں سات اپریل تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل سے معاونت طلب کرلی.

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے اسلامی کونسل کی رائے کیخلاف اسلم خاکی کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالتی حکم کے باوجود دوران سماعت اٹارنی جنرل آف پاکستان پیش نہ ہو سکے، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل عثمان گھمن نے عدالت کو بتایا کہ اٹارنی جنرل دیگر مصروفیات کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکتے اگر عدالت کہے تو ایڈیشنل اٹارنی جنرل پیش ہو جائیں گے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ  اٹارنی جنرل ہی پیش ہوں گے، گزشتہ سماعت پر بھی کہا تھا اٹارنی جنرل پیش ہوکر عدالتی معاونت کریں۔

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا کہ ایک تاریخ دے دیں آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل پیش ہوکر عدالت کی معاونت کردیں گے۔

عدالت نے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت سات اپریل تک  ملتوی کردی۔

درخواست گزار اسلم خاکی ،اسلامی نظریاتی کونسل کے وکیل  اور حکام عدالت میں پیش ہوئے، درخواست گزار نے انجنیئر محمد علی مرزا کو گستاخی کا مرتکب قرار دینے کی اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے کو چیلنج کر رکھا ہے۔

Similar Posts