صائمہ قریشی نے سنگل زندگی کے فائدے بتا دیے، مداحوں میں بحث

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکارہ صائمہ قریشی نے پہلی بار کھل کر اپنی سنگل زندگی پر بات کرتے ہوئے اس کے مثبت اور منفی پہلوؤں سے پردہ اٹھا دیا ہے۔

تقریباً دو دہائیوں سے شوبز سے وابستہ صائمہ قریشی کو خاص طور پر منفی کرداروں میں بے حد پسند کیا جاتا ہے، جبکہ وہ معروف اداکار فیصل قریشی کی کزن بھی ہیں۔ صائمہ قریشی طلاق کے بعد سنگل زندگی گزار رہی ہیں اور تین بڑے بیٹوں کی ماں ہیں۔

حال ہی میں وہ نجی چینل کے شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے غیر شادی شدہ زندگی گزارنے کے تجربے پر کھل کر گفتگو کی۔ پروگرام کی میزبان نادیہ خان نے جب کہا کہ ہمارے کئی سنگل دوست بہت خوش نظر آتے ہیں، آپ کے لیے سنگل ہونا کیسا ہے اور کن مشکلات کا سامنا رہتا ہے؟ تو صائمہ قریشی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کے معاملے میں وہ مکمل طور پر اکیلی ہیں کیونکہ نہ والد ہیں اور نہ بھائی، اس لیے گھر کے تمام کام وہ خود ہی کرتی ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر سنگل ہونے کا مطلب غیر شادی شدہ ہونا ہے تو ان کے خیال میں ایسی خواتین زیادہ خوش رہتی ہیں اور شاید اسی وجہ سے زیادہ لمبی عمر بھی پاتی ہیں، کیونکہ ان کی زندگی میں کوئی ایسا شخص نہیں ہوتا جو مستقل ذہنی دباؤ دے۔

انہوں نے کہا کہ ہر رشتے میں ایک وقت ایسا آتا ہے جب بحث شروع ہو جاتی ہے، جبکہ سنگل رہ کر انسان نسبتاً پُرسکون زندگی گزار سکتا ہے۔ صائمہ کے مطابق یہ زندگی مکمل طور پر بے عیب نہیں، مگر کئی حالات سے کہیں بہتر ضرور ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ انہیں کسی کو جواب دہ نہیں ہونا پڑتا، وہ اپنی مرضی سے باہر جا سکتی ہیں اور کوئی انہیں روک ٹوک نہیں کرتا، تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ ہر وقت پارٹی کرتی رہتی ہیں۔ اداکارہ نے مسکراتے ہوئے کہا کہ سنگل ہونے کے بھی فائدے ہیں اور نقصانات بھی، مگر مجموعی طور پر وہ اس طرزِ زندگی کو مثبت انداز میں دیکھتی ہیں۔

صائمہ قریشی کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کے درمیان سنگل زندگی کے حوالے سے نئی بحث بھی شروع ہو گئی ہے۔

Similar Posts