حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی ختم کرنے پر رضامند، جماعت اسلامی کے ساتھ اجلاس آج ہوگا

پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کے خاتمے اور عوامی ریلیف کے حوالے سے حکومت اور جماعت اسلامی کی مقرر کردہ کمیٹیوں کا ایک اہم اجلاس آج منعقد ہوگا، جس میں دونوں فریقین کے درمیان طے پانے والے امور پر حتمی معاہدے کا مسودہ تیار کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں طے پانے والے حتمی مسودے کو باضابطہ منظوری کے لیے حکومت اور جماعت اسلامی کی اعلیٰ قیادت کے سامنے پیش کیا جائے گا، تاکہ پیٹرولیم کی قیمتوں اور دیگر معاشی شعبوں میں ممکنہ اقدامات کو نفاذ کے عمل میں لایا جا سکے۔

اجلاس کے دوران جماعت اسلامی کی جانب سے نصر اللہ رندھاوا اور سید فراست شاہ پر مشتمل دو رکنی کمیٹی نمائندگی کرے گی، جبکہ حکومتی وفد کی قیادت وفاقی وزرا احسن اقبال اور رانا ثنا اللہ کریں گے اور ان کے ساتھ متعلقہ سرکاری حکام بھی شریک ہوں گے۔

دونوں وفود کے درمیان پیٹرولیم لیوی میں تخفیف، گاڑیوں کے مالکان اور زرعی شعبے کو ریلیف دینے سے متعلق مختلف تجاویز اور قانونی فریم ورک پر بات چیت کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کے مرحلہ وار خاتمے پر بنیادی طور پر رضامند ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ حکومتی سطح پر 800 سی سی اور 1000 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے ریلیف کی فراہمی اور زرعی شعبے کے لیے خصوصی اقدامات پر بھی آمادگی ظاہر کی گئی ہے، جس کے بعد تکنیکی نکات اور ٹائم لائن کو حتمی معاہدے کا حصہ بنائے جانے کی توقع ہے۔

Related posts