جدید جنگ کی نوعیت میں نمایاں تبدیلی آچکی، مسلح افواج دفاع کیلیے ہمہ وقت تیار ہیں، فیلڈ مارشل

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورس، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج بڑی تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہیں اور جدید جنگ کی نوعیت میں نمایاں تبدیلی آ چکی ہے، مسلح افواج وطن عزیز کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خیرپور ٹامیوالی میں بڑے پیمانے پر کی جانے والی تربیتی جنگی مشقوں اسٹیڈ فاسٹ ریزولوو (Steadfast Resolve) کا بھی مشاہدہ کیا، جن میں ڈرونز، جدید نگرانی کے آلات، الیکٹرانک وارفیئر اور جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ مہارت اور عملی تیاری کو سراہا۔

جوانوں سے خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج ملکی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، مستقبل کے میدانِ جنگ کے تقاضوں کے لئے ہر سطح پر اعلیٰ درجے کی تیاری ناگزیر ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ مسلح افواج مختلف شعبوں میں بڑی تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہیں، دور حاضر میں جنگ کی نوعیت بدل چکی ہے، مستقبل میں ٹیکنالوجیکل جنگی صلاحیت جسمانی تدابیر کی جگہ لیں گے، ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے ذہنی تبدیلی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج تیزی سے جدید ٹیکنالوجی اپنا رہی ہیں، جس میں انوویشن اور انڈیجینائزیشن بنیادی ستون ہوں گے۔

بعدازاں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے روہی ای اسکلز لرننگ ہب کا افتتاح کیا۔ روہی ای اسکلز لرننگ ہب جنوبی پنجاب اور ملک بھر کے طلبہ کے لیے ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے آرمی پبلک اسکول عباسیہ کیمپس کا بھی افتتاح کیا اور کہا کہ معیاری تعلیم اور کردار سازی کے لیے پاک فوج کا عزم برقرار ہے۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ای ایم ای ریجنل ورکشاپ کا دورہ کیا، جہاں انہیں جدید پلیٹ فارمز کی مینٹیننس، انڈیجینائزیشن اور جدید ٹیکنالوجی پر بریفنگ دی گئی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بہاولپور گیریژن آمد پر کمانڈر بہاولپور کور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

Similar Posts