نیدرلینڈ پولیس کا باحجاب مسلم خواتین پر دل دہلا دینے والا تشدد؛ ویڈیو وائرل

نیدرلینڈ کی پولیس نے تمام تر پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور اخلاقیات کو بالائے طاق رکھ دیا اور دو مسلم خواتین کو سر بازار بیدردی سے مارا پیٹا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیدرلینڈز کے شہر یوٹرچ میں دو مسلم نوجوان خواتین شاپنگ مال سے باہر آ رہی تھیں جب پولیس افسر نے ان پر نفرت آمیز جملے کسے اور تشدد کا نشانہ بنایا۔

یہ واقعہ پُرہجوم علاقے میں پیش آیا اس لیے متعدد لوگوں نے پولیس کے توہین آمیز اور نفرت انگیز اقدام کی ویڈیو بناکر وائرل کردی۔

ویڈیو میں سیاہ برقع پہنے خاتون کو دیکھا جا سکتا ہے جنھیں پولیس افسر طنزیہ ہنسی ہنستے ہوئے ہاتھ پکڑے لے جاتا دکھائی دیتا ہے جب کہ دوسری خاتون ویڈیو بنانے لگتی ہیں۔

اپنی لاقانونیت پکڑے جانے کے ڈر سے پولیس افسر کو غصہ آجاتا ہے اور ویڈیو بنانے والی خاتون کی طرف پلٹ کر آتا ہے اور لات مارتا ہے۔

پولیس افسر کی لات خاتون کے بیگ سے پھنس جاتی ہے اور وہ خاتون زمین پر گر جاتی ہین جس پر پہلی خاتون مدد کو آتی ہیں۔ جنھیں پولیس افسر نے چھڑی سے مارنا شروع کردیا۔

اس بہیمانہ تشدد کے دوران معصوم خواتین مدد کے لیے چیختی پکارتی رہیں۔ درد اور تکیلف سے بھری ان کی آہوں کو سن کر ایک مرد نے بیچ میں آنے کی کوشش کی۔

پولیس نے اہلکاروں نے خواتین کو تشدد سے بچانے کی کوشش کرنے والے مرد سے بھی مار پیٹ کی اور اسے ہتھکڑی لگا کر گرفتار کرلیا۔ 

مقامی میڈیا کے مطابق یہ اندوہناک واقعہ پیر کو یوٹرچ کے Hoog Catharijne شاپنگ سینٹر کے قریب پیش آیا، جو شہر کے مرکزی ریلوے اسٹیشن کے ساتھ واقع ہے۔

دونوں متاثرہ خواتین نے اپنے وکیل انیس بومنجل کے ذریعے پولیس افسر کیخلاف شکایت درج کرا دی جس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ پولیس افسر نے ان سے کہا کہ تم اس ملک میں نہیں رہتی ہو۔

پولیس افسر کے یہ الفاظ وائرل ویڈیو میں بھی سنے جا سکتے ہیں تاہم پولیس نے اپنے پیٹی بھائیوں کو بچانے کے لیے الٹا خواتین کے خلاف بھی مقدمہ دائر کردیا۔

ان دونوں مسلم خواتین پر سرعام پولیس اہلکار کی بے عزتی کرنے اور تفتیش میں تعاون نہ کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

Similar Posts