ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برف باری کی پیش گوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق 30 اور 31 جنوری کے دوران بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش اور برف باری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ یکم سے 3 فروری کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان کا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ کوئٹہ، زیارت، قلعہ سیف اللہ، ژوب، نوشکی اور چمن میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں شدید سردی اور برف باری کا خدشہ ہے، برف باری کے باعث پہاڑی علاقوں میں سڑکوں پر پھسلن اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں سفر کرنے والوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کر دی۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ سرد موسم کے باعث دھند میں اضافے اور حد نگاہ متاثر ہونے کا امکان ہے اور ساتھ ہی متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

Similar Posts