مختلف آن لائن پلیٹ فارمز پر یہ سوال اٹھایا جا رہا تھا کہ ہانیہ عامر کی خوبصورتی قدرتی ہے یا کسی طبی عمل کا نتیجہ، جس کے باعث مداحوں کے درمیان خاصی بحث چھڑ گئی۔
چند ماہ قبل ایک ڈرماٹولوجسٹ ڈاکٹر اریج خالد کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا تھا کہ ہانیہ عامر نے ڈمپل پلاسٹی کروائی ہے، جس کے بعد یہ معاملہ مزید توجہ کا مرکز بن گیا۔ اب اس موضوع پر ہانیہ کی کزن ہونے کا دعویٰ کرنے والی نورین شاد نے فیس بک پر ایک مفصل وضاحتی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ان تمام قیاس آرائیوں کو رد کردیا ہے۔
نورین شاد کا کہنا ہے کہ ہانیہ عامر کے ڈمپلز اور گوری رنگت مکمل طور پر فطری ہے اور ان کا کسی بھی قسم کی سرجری یا کاسمیٹک طریقۂ علاج سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے اپنی پوسٹ کے ساتھ ہانیہ کے اسکول، کالج اور یونیورسٹی کے دور کی تصاویر بھی شامل کیں اور لکھا کہ اداکارہ بچپن سے ہی اسی انداز کی شخصیت رکھتی تھیں، جبکہ ان کا ’بے بی فیس‘ ہونا بھی قدرتی امر ہے۔
https://www.facebook.com/NoreenShad2016/posts/as-hania-amirs-first-cousin-and-a-close-family-relative-i-feel-it-is-important-t/2460980230964514/
نورین کے مطابق ہانیہ نے 18 برس کی عمر میں فلم جانان کے ذریعے شوبز میں قدم رکھا، اس دوران وہ فاسٹ یونیورسٹی میں بی بی اے کی طالبہ تھیں۔
کزن نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دس برسوں میں عمر کے ساتھ ہانیہ کے خدوخال زیادہ نمایاں ہوئے، جسے بعض لوگ غلط فہمی میں کاسمیٹک سرجری سے جوڑ رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی تردید کی کہ اداکارہ کبھی فیشن ڈیزائنر رہیں یا ان کی پیدائش راولپنڈی میں ہوئی ہو، اور واضح کیا کہ ہانیہ کراچی میں پیدا ہوئیں۔
نورین شاد نے ہانیہ عامر کی ذاتی زندگی سے متعلق پھیلنے والی افواہوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ تاحال خاندان کی جانب سے شادی سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ آخر میں انہوں نے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ بغیر تصدیق کسی بھی قسم کی خبر یا دعویٰ آگے نہ بڑھائیں تاکہ غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔