بلوچستان میں دہشت گردی: قطر، سعودیہ اور دیگر ممالک کی مذمت

بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی پر دیگر ممالک کی جانب سے ردعمل سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے واقعے کی بھرپور مذمت کی ہے۔

فتتنہ الہندوستان کے حمایت یافتہ دہشت گردوں نے 31 جنوری کو بلوچستان کے مختلف شہروں میں امن خراب کرنے کی کوشش کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) ان حملوں کا مقصد شہریوں کو نشانہ بنا کرصوبے میں عدم استحکام پیدا کرنا تھا۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 18 بے گناہ شہری شہید ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے 15 بہادر سپوتوں نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ جوابی کارروائی میں فتنۃ الہندوستان کے تین خودکش بمباروں سمیت 92 دہشت گرد مارے جاچکے ہیں۔

پاکستان میں تعینات امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے بلوچستان میں دہشت گرد واقعے کی مذمت کی ہے۔

نیٹلی بیکر نے کہا کہ دہشت گردی کی ذمہ داری بی ایل اے نے قبول کی ہے، امریکا نے بی ایل اے کو دہشتگرد تنظیم نامزد کیا ہوا ہے۔

نیٹلی بیکر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہوں۔ امریکا امن و استحکام کو یقینی بنانے کی پاکستان کی کوششوں میں ایک ثابت قدم شراکت دار ہے، ہم اس مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

سعودی عرب نے بھی بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کی بھرپور مذمت کی ہے۔

سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کی پرتشدد کارروائیوں پر تشویش ہے، پاکستانی فورسز دہشت گردی کے خلاف بہترین حکمت عملی کے ساتھ مقابلہ کر رہی ہیں۔

سعودی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔

اُدھر قطر نے بھی بلوچستان میں دہشتگردی سے متعلق مزمتی بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا کہ ریاستِ قطر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں پیش آنے والے ان حملوں کی سخت مذمت کرتی ہے جن کے نتیجے میں جانی نقصان اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔

قطری وزارتِ خارجہ اس امر کا اعادہ کرتی ہے کہ ریاستِ قطر ہر قسم کے تشدد، دہشت گردی اور مجرمانہ کارروائیوں کو، ان کے محرکات یا جواز سے قطع نظر، مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ وزارتِ خارجہ متاثرین کے اہلِ خانہ کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے، نیز حکومتِ پاکستان اور عوامِ پاکستان سے بھی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہے۔

پاکستان میں قائم برطانوی ہائی کمیشن نے بلوچستان واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ برطانوی ہائی کمیشن نے ایکس پر جاری پیغام میں لکھا کہ برطانیہ بلوچستان میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔

ہماری ہمدردیاں اُن خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا، اور جو ان واقعات سے متاثر ہوئے۔ ہم دہشت گردی کو مسترد کرنے اور امن و سلامتی کے لیے اپنے مشترکہ عزم میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وہیں ترک وزارتِ خارجہ نے بھی بلوچستان میں فتتنہ الہندوستان کی طرف کی کی جانے والی دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔

ترک وزارتِ خارجہ نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ترکیہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی سخت مذمت کرتا ہے۔

ہم شہید ہونے والے پاکستانی افواج کے جوانوں کے لیے اللہ سے رحمت کی دعا کرتے ہیں اور پاکستان کی عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

ترک وزارتِ خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی جاری رکھیں گے۔

Similar Posts