پاکستان کا ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرنے اور بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا اعلان

بنگہ دیش کے خلاف آئی سی سی اور بھارت کے غیرمنصفانہ رویے کے بعد پاکستان نے بھی بڑا فیصلہ کرلیا ہے۔ حکومتِ پاکستان نے قومی کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کی منظوری دے دی تاہم پاکستان کرکٹ ٹیم 15 فروری 2026 کو بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گی۔

اتوار کو پاکستان نے تمام ترتحفظات کے باوجود ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کا اعلان کردیا ہے تاہم بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم پاکستان شہبازشریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے آج اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان ٹیم کی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔

حکومت پاکستان کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی لیکن قومی ٹیم بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گی۔ ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 15 فروری 2026 کو شیڈولڈ ہے۔

پاکستان کو ورلڈ کپ کے گروپ اے میں بھارت، نیدر لینڈ، امریکا اور نمیبیا کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔ پروگرام کے مطابق پاکستان کا پہلا میچ 7 فروری کو نیدرلینڈ کے خلاف شیڈول ہے جبکہ پاک بھارت بڑا مقابلہ 15 فروری کو کولمبو میں رکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے پاکستان نے بنگلہ دیش کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر احتجاجاً بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ آئی سی سی اور بنگلادیش کے درمیان ٹی 20 ورلڈ کپ کے تنازع تقریباً تین ہفتوں سے جاری تھا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے اثر و رسوخ کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بنگلادیش کے جائز مطالبات تسلیم کرنے سے انکار کیا اور اسے ٹورنامنٹ سے باہر کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ کو میگا ایونٹ میں شامل کرلیا تھا۔

بنگلادیش کے چار میچز کولکتہ میں شیڈول تھے تاہم ہندو انتہا پسندوں کی دھمکیوں کے بعد بنگلادیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکال دیا گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی کولمبو روانگی کل متوقع ہے جب کہ ٹی 20 ورلڈکپ کا آغاز 6 فروری سے ہوگا۔

Similar Posts