آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں زمبابوے اور آئرلینڈ کا میچ بارش کے باعث منسوخ ہوگیا ہے، جس کے باعث زمبابوے ایک پوائنٹ لے کر سپر 8 مرحلے میں پہنچ گیا ہے جب کہ سابق عالمی چیمپئن آسٹریلیا میگا ایونٹ سے باہر ہوگیا ہے۔
منگل کو سری لنکا کے شہر پالی کیلے میں ٹی 20 ورلڈ کپ کا 32 واں میچ زمبابوے اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلا جانا تھا تاہم مسلسل بارش کے باعث میچ کا ٹاس بھی ممکن نہ ہوسکا۔
بارش کے باعث میچ منسوخ ہونے پر آئرلینڈ اور زمبابوے کی ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹس مل گیا، جس کے بعد زمبابوے 5 پوائنٹس کے ساتھ سپر ایٹ مرحلے میں چلا گیا جب کہ بارش نے آسٹریلیا اور آئرلینڈ کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔
یاد رہے کہ 2021 کی عالمی چیمپئن آسٹریلیا کا ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کا انحصار زمبابوے کی بقیہ میچز میں شکست پر تھا۔
گروپ بی سے سری لنکن ٹیم اپنے ابتدائی تینوں میچز جیت کر چھ پوائنٹس کے ساتھ پہلے ہی سپر ایٹ مرحلے میں رسائی حاصل کرچکی ہے جب کہ اس وقت زمبابوے کے تین میچز میں 5 پوائنٹس ہیں، اس کے علاوہ آئرلینڈ کے چار میچز میں تین پوائنٹس ہیں۔
گروپ بی میں آسٹریلیا کا عمان اور سری لنکا کا زمبابوے سے میچ ابھی باقی ہے تاہم آسٹریلوی ٹیم کی جیت اب بے معنی ہوجائے گی، اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا کے صرف دو پوائنٹس ہیں اور اس کا صرف ایک میچ باقی ہے، یوں اگر وہ میچ جیت بھی جائیں تب بھی صرف مجموعی طور پر چار پوائنٹس حاصل کر پائیں گے۔
واضح رہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں 11 فروری کو کھیلے گئے اپنے افتتاحی میچ میں آئرلینڈ کو 67 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر میگا ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کیا تھا۔
آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں آئرلینڈ کی ٹیم 183 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 115 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
اس کے بعد آسٹریلوی ٹیم کی ہار کی شروعات زمبابوے کے خلاف میچ سے ہوئی، 13 فروری کو کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے تاہم آسٹریلیا 170 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 20 ویں اوورز میں 146 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔
یوں زمبابوے نے 23 رنز سے یہ میچ اپنے نام کرتے ہوئے ٹی 20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کو دوسری بار اپ سیٹ کردیا۔ اس سے قبل 2007 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی آسٹریلیا کو زمبابوے کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
16 فروری کو پالی کیلے میں سری لنکا کے خلاف کھیلے گئے میچ بھی آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ جہاں کینگروز پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 181 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، جس کے جواب میں سری لنکن ٹیم نے 182 رنز کا ہدف اوپنر پاتھم نسانکا کی شاندار سنچری کی بدولت 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا تھا۔