ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کراچی آزاد خان نے پولیس 15 مددگار آفس کے کال سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایمرجنسی ریسپانس نظام کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو پولیس 15 مددگار کی مجموعی کارکردگی، جاری اقدامات اور بہتری کے منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
دورے کے دوران ایس ایس پی ایسٹ سمیت دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے پولیس 15 مددگار کے آپریشنل نظام، کال ریسپانس اور عوامی شکایات کے ازالے کے طریقہ کار کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو فرائض کی مزید مؤثر، بروقت اور پیشہ ورانہ انجام دہی سے متعلق ضروری ہدایات جاری کیں۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق دورے کا مقصد شہریوں کو فوری اور بہتر ایمرجنسی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔