خوبصورتی کے انجیکشن نے امریکی اداکارہ کی جان لے لی؛ بیوٹیشن پر فرد جرم عائد

امریکی ٹی وی انڈسٹری میں اس وقت ہلچل مچ گئی جب عدالت نے بغیر لائسنس بیوٹیشن کو مشہور ٹی وی اداکارہ سِنڈیانا سینٹانجلو کی موت کا ذمہ دار قرار دے دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 58 سالہ اداکارہ سِنڈیانا سینٹانجلو کو خوبصورت، سڈول اور جوان نظر آنے کے لیے 24 مارچ کو سلیکون انجیکشن لگایا گیا تھا۔

انجیکشن لگانے کے فوراً بعد اداکارہ کی حالت بگڑ گئی۔ مبینہ طور پراداکارہ میں ایمبولزم (خون میں لوتھڑے یا شریان بند ہونے) جیسی پیچیدگی پیدا ہوئی جو موت کا سبب بنی۔

امریکی عدالت نے انجیکشن لگانے والی بیوٹیشن 55 سالہ لیبی ایڈمے کو مجرم قرار دیا ہے جو انڈسٹری میں ’’بٹ لیڈی‘‘ کے نام سے مشہور ہیں۔

حیران کن طور پر بیوٹیشن کے پاس انجیکشن لگانے کے لیے کوئی طبی لائسنس نہیں تھا۔ خاتون بیوٹیشن کو 2019 میں بھی اسی طرح کے مقدمے میں سزا مل چکی ہے۔

اب اس کیس میں بھی انھیں قتل اور غیر قانونی میڈیکل پریکٹس کے تحت حتمی سزا 5 نومبر کو سنائی جائے گی۔

اداکارہ سِنڈیانا سینٹانجلو نے مقبول سیٹ کام “Married… with Children” سے شہرت حاصل کی جب کہ 1989 میں میوزک ویڈیو “Bust a Move” سے شوبز میں قدم رکھا تھا۔

یاد رہے کہ بھارت میں بھی معروف اداکارہ شیفالی ایک بیوٹی انجیکشن لگوانے کے بعد جان کی بازی ہار گئی تھیں۔

کاسمیٹک انجیکشن لگوانے کے فوراً بعد ان کی طبیعت بگڑ گئی اور دل کی دھڑکن بے قابو ہونے لگی تھی۔ اسپتال منتقل کرنے کے باوجود انہیں بچایا نہ جا سکا تھا۔

 

Similar Posts