ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور چین کے سفیر ژیانگ زیڈونگ نے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے دوطرفہ امور اور خطے میں حالیہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان آہنی اور ہر موسم کی تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ قریبی سفارتی، معاشی اور تزویراتی تعاون کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔
چینی سفیر نے بھی پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش ظاہر کی۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔