چین کی بلوچستان میں حملوں کی مذمت، دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کا عزم

چین نے بلوچستان میں حالیہ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پاکستان کا بھرپور ساتھ دینے کا عزم دہرایا ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے معمول کی میڈیا بریفنگ کے دوران  بلوچستان میں گزشتہ ہفتے ہونے والے حملوں سے متعلق ایک سوال پر کہا کہ چین حال ہی میں بلوچستان میں ہونے والے حملوں کی مذمت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین ان حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔

لین جیان نے کہا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے، یک جہتی جاری رکھنے اور سماجی استحکام اورعوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمیشہ پاکستان سے بھرپور تعاون کرے گا۔

پاکستان میں چین کے سفارت خانے کی جانب سے بھی بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں چینی سفارت خانے کہا کہ ہم قیمی جانوں کے ضیاع پر انتہائی غمزدہ ہیں اور جاں بحق شہریوں کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کرتے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ چین ہر طرح کی دہشت گردی کا مخالف ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھا  جائے گا۔

خیال رہے کہ ہفتے کو بلوچستان کے مختلف مقامات پر دہشت گردوں کی جانب سے حملے کیے گئے تھے، جس کے نتیجے میں 15 سیکیورٹی اہلکار 18 عام شہری شہید ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر نے بیان میں بتایا تھا کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 177 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

بلوچستان میں ہونے والے حملوں کی چین کے علاوہ امریکا، یورپی یونین، ایران اور دیگر کئی ممالک نے مذمت کی تھی۔

 

Similar Posts