آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کیلیے 13 ارب کی منظوری

وفاقی حکومت نے آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز، راولپنڈی کے توسیعی منصوبے کی 13 ارب روپے کی لاگت سے منظوری دیدی ہے۔

یہ منظوری نائب وزیراعظم اسحق ڈارکی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹوکمیٹی کے اجلاس میں دی گئی،جہاں فیصلہ کیاگیاکہ منصوبے کیلیے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام کی سست روی کاشکار اسکیموں سے بچت شدہ رقوم استعمال کی جائیں گی۔

منصوبے کی مجموعی لاگت میں سے 6 ارب روپے غیر ملکی ذرائع سے حاصل کیے جائیں گے،جبکہ 10.5 ارب روپے تعمیراتی کاموں کیلیے مختص ہوں گے اور بقیہ رقم کنسلٹنسی اور ممکنہ ہنگامی اخراجات پر خرچ کی جائیگی۔

جاری مالی سال کیلیے حکومت نے منصوبے کے تحت 50 ملین روپے مختص کیے ہیں،جبکہ حکام کے مطابق رواں سال 2 ارب روپے درکار ہونگے۔

ای سی این ای سی کوبتایاگیاکہ AFIC اس وقت اپنی استعدادسے کہیں زیادہ مریضوں کاعلاج کررہاہے اوروفاقی سطح پر دل کے امراض کے علاج کی سہولیات ناکافی ہیں، AFIC میں فوجی اورسویلین مریضوں کاعلاج کیاجاتاہے۔

قبل ازیں سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی نے مالی مشکلات کے باعث سفارش کی تھی کہ منصوبہ پی ایس ڈی پی کے بجائے دیگرذرائع سے مالی اعانت کے ذریعے مکمل کیا جائے، تاہم نائب وزیراعظم اسحاق ڈارنے مؤقف اختیارکیا کہ حکومت پی ایس ڈی پی کے اندرہی وسائل کابندوبست کریگی۔

اجلاس میں ای سی این ای سی نے وزیر اعظم یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام (2023-2027) کی بھی منظوری دی،جس کی لاگت 23.5 ارب روپے ہے۔

علاوہ ازیں ای سی این ای سی نے کراچی یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کی 178.5 ارب روپے کی نظرثانی شدہ لاگت بھی منظورکی۔

سندھ حکومت منصوبہ ورلڈبینک سے 550 ملین ڈالرزقرض لیکر مکمل کریگی، 21 کلومیٹرطویل کوریڈورکے 28 اسٹیشنزاور 256 بسیں شامل ہونگی،جوروزانہ 3 لاکھ مسافروں کوسفری سہولت فراہم کرینگی۔

Similar Posts