انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے۔ پاکستان کے صائم ایوب ایک بار پھر ٹی ٹوئنٹی کے نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے ہیں۔
پاکستان کے اوپننگ بیٹر صائم ایوب کو حالیہ شاندار فارم کا صلہ مل گیا ہے۔ گرین شرٹس کی آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز میں کلین سوئپ کامیابی کے بعد صائم ایوب نے آئی سی سی مینز ٹی 20 انٹرنیشنل آل راؤنڈر رینکنگ میں دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی 20 آل راؤنڈر رینکنگ کے مطابق 23 سالہ صائم ایوب نے زمبابوے کے سکندر رضا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک بار پھر ٹاپ پوزیشن سنبھال لی ہے۔

صائم ایوب نے یہ اعزاز آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت حاصل کیا، جس میں پاکستان نے مہمان ٹیم کو تین-صفر سے وائٹ واش کیا۔
سیریز کے دوران صائم ایوب نے مجموعی طور پر 119 رنز اسکور کیے اور تین وکٹیں بھی حاصل کیں۔
یاد رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کے آغاز میں محض چند دن باقی ہیں، پاکستان ٹیم 2009 کے بعد پہلی بار ٹی20 ورلڈ کپ ٹائٹل جیتنے کے خواب آنکھوں میں سجائے میدان میں اترنے کو تیار ہے۔
آئی سی سی کی جاری کردہ ٹی20 بیٹرز کی نئی رینکنگ میں ابھیشیک شرما بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں جبکہ فل سالٹ دوسرے اور جوز بٹلر تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ پاکستان کے صاحبزادہ فرحان ساتویں جبکہ بابراعظم چونتیسویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
بیٹنگ رینکنگ میں بھی پاکستان کے کھلاڑیوں نے بہتری دکھائی ہے، جہاں صائم ایوب آٹھ درجے بہتری کے بعد 27ویں جبکہ کپتان سلمان علی آغا 12 درجے ترقی پا کر 29ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
آئی سی سی کی تازہ ٹی 20 رینکنگ میں پاکستان کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی نمایاں بہتری دکھائی ہے۔ اسپنر ابرار احمد ٹی20 باؤلرز کی فہرست میں دو درجے بہتری کے بعد دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
باؤلرز رینکنگ میں بھارت کے ورون چکرورتی بدستور سرفہرست ہیں، پاکستان کے ابرار احمد دوسرے جبکہ شاہین آفریدی انیسویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
محمد نواز نے بھی ٹی20 باؤلرز کی رینکنگ میں آٹھ درجے بہتری کے بعد ساتویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی نواز ایک درجہ ترقی پا کر چوتھی پوزیشن پر آ گئے ہیں۔
ون ڈے بیٹرز میں ڈیرل مچل پہلے، ویرات کوہلی دوسرے اور بابراعظم چھٹے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ باؤلرز میں راشد خان بدستور نمبر ون ہیں۔ ون ڈے آل راؤنڈرز میں افغانستان کے عظمت اللہ عمرزئی کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔