پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر ایک نیا ولولہ انگیز ترانہ ریلیز کر دیا ہے، جو کشمیری عوام سے غیرمتزلزل محبت اور یکجہتی کا بھرپور اظہار ہے۔ ترانے کے دل میں اتر جانے والے بول ’’کشمیر ہے پاکستان‘‘ اس اٹل حقیقت کی ترجمانی کرتے ہیں کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگِ حیات ہے۔
ترانے میں کشمیری عوام کی بے مثال قربانیوں، عزم و استقلال اور ان کے زندہ و جاوید جذبۂ حب الوطنی کو انتہائی مؤثر انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔
یہ ترانہ مظلوم کشمیریوں کے حوصلے، امید اور آزادی کی جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہے۔
عسکری قیادت کے پیغامات
دوسری جانب یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر افواج پاکستان نے کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی اور ان کی جائز جدوجہدِ آزادی کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق عسکری قیادت نے کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کو ایک ناقابلِ تردید حق قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے فوری اور مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف اور نیول چیف نے اپنے مشترکہ پیغام میں کہا کہ مسلح افواج پاکستان کشمیری عوام کے عزم، قربانیوں اور حوصلے کو سلام پیش کرتی ہیں اور ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔
عسکری قیادت نے واضح کیا کہ کشمیریوں کی جدوجہد اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ایک منصفانہ اور پرامن حل کی متقاضی ہے۔
بیان میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور بے گناہ شہریوں پر مظالم بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی اور سیاسی منظرنامہ تبدیل کرنے کی مذموم کوششیں کر رہا ہے، جو خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
افواج پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے مصائب کے خاتمے اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات کرے۔
بیان میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ مسلح افواج ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر محاذ پر ثابت قدم ہیں۔
آخر میں آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ افواجِ پاکستان کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھیں گی اور وہ دن ضرور آئے گا جب کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کے ساتھ آزادی کی فضا میں سانس لیں گے۔