بابر اعظم نہ شاہین آفریدی: پی ایس ایل کی تاریخ کا مہنگا ترین کھلاڑی کون؟

آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز اسٹیو اسمتھ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کا گیارہواں ایڈیشن 8 ٹیموں کے ساتھ مارچ میں کھیلا جائے گا جب کہ اس بار پی سی بی نے ہر فرنچائز کو ایک غیر ملکی کرکٹر سے براہ راست معاہدے کی اجازت دی تھی، البتہ یہ ضروری ہے کہ وہ گزشتہ سال پی ایس ایل کا حصہ نہ بنا ہو۔

پی ایس ایل کی نئی فرنچائز سیالکوٹ اسٹالینز نے لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کے لیے سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

سیالکوٹ اسٹالینز کی جانب سے اسٹیو اسمتھ کی شمولیت کا اعلان سوشل میڈیا کے ذریعے کیا گیا، اس سیزن میں وہ پہلی مرتبہ پاکستان سپر لیگ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔ سیالکوٹ اسٹالینز نے اسٹیو اسمتھ کو ڈائریکٹ سائننگ کے ذریعے اپنی ٹیم میں شامل کیا۔

رپورٹ کے مطابق اسٹیو اسمتھ کو 5 لاکھ ڈالر سے زائد معاوضہ ملے گا، یہ رقم پاکستانی روپے میں 14 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے، یوں اسمتھ پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کرکٹر بن گئے ہیں۔

اس بڑی ڈیل نے لیگ میں نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں اور دیگر ٹیموں کے لیے بھی ایک نیا معیار مقرر کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ بابر اعظم کا معاوضہ 7 کروڑ روپے ہے جب کہ اسٹیو اسمتھ ان سے دگنی رقم لیں گے۔

گزشتہ روز پی ایس ایل 11 کے لیے فرنچائزز کی جانب سے ری ٹین کیے جانے والے کھلاڑیوں کی رقم کا اعلان کیا گیا، جس کے مطابق پشاور زلمی نے بابر اعظم، لاہور قلندرز نے شاہین آفریدی  اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاداب خان کو 7 کروڑ روپے میں ری ٹین کیا ہے۔

پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار کھلاڑیوں کے انتخاب کے عمل میں بڑی تبدیلی کی گئی ہے، اب روایتی ڈرافٹ سسٹم کی جگہ نیلامی پر مبنی ماڈل متعارف کرا یا گیا ہے، جس کے تحت فرنچائزز اب ہر کیٹیگری سے 8 کے بجائے صرف ایک ایک کھلاڑی کو ری ٹین کر سکتی ہیں اور باقی کھلاڑیوں کو نیلامی کے ذریعے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا جائے گا۔

Similar Posts