ورلڈ کپ میں بھارت سے میچ کے حوالے پاکستان ٹیم کے کپتان کا دبنگ بیان آگیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ بھارت سے میچ ہوگا یا نہیں، معلوم نہیں، اپنی حکومت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، بنگلادیش کا ورلڈ کپ نہ کھیلنا افسوسناک ہے، کوشش ہوگی ورلڈ کپ میں اچھا پرفارم کریں۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا میلہ ہفتے سے سری لنکا اور بھارت میں سجے گا تاہم فوٹو شوٹ میں پاکستانی کھلاڑی میگا ایونٹ کے لیے پرجوش نظر آئے۔

20 ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل کولمبو میں کپتانوں کی پریس کانفرس میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ہم پاکستان کے لیے بنگلادیش کی حمایت کے شکر گزار ہیں، یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ وہ ٹورنامنٹ میں نہیں کھیل رہے ہیں۔

بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ سے متعلق سوال پر پاکستانی کپتان نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ سے متعلق فیصلہ حکومت نے کرنا ہے اور ہم حکومت کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

سلمان علی آغا کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ میچ ہوگا یا نہیں اس کا اندازہ نہیں، جو حکومت کہے گی اس کے مطابق ہی چلیں گے تاہم بنگلادیش ٹیم کا ورلڈکپ میں نہ ہونا افسوس ناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ بطور کپتان یہ میرا پہلا ورلڈکپ ہے جس کے لیے بہت پرجوش ہوں اور امید ہے میری کپتانی میں ٹیم اچھا کھیل پیش کرے گی۔

پاکستان ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم ایشیا کپ کے بعد سے اچھا کھیل پیش کررہے ہیں، پچھلے 6 ماہ سےاچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں، اس مرتبہ ٹیم اچھا کھیل رہی ہے، امید ہے اچھی کارکردگی دکھائیں گے اور امید ہے باقی ٹیموں کے خلاف اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

سلمان علی آغا نے مزید کہا کہ سری لنکا میرے دوسرے گھر کی طرح ہے اور لوگ بہت اچھےاخلاق والے ہیں، یہاں آ کر ہمیشہ اچھا محسوس کیا ہے۔

Similar Posts