پی ٹی آئی سے باضابطہ مذاکرات نہیں ہو رہے، رانا ثناء اللہ
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے اس وقت باضابطہ مذاکرات نہیں ہو رہے، تاہم پسِ پردہ رابطے ہوتے رہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج اپنے مقاصد کے حصول تک جاری رہے گا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بھارت اور افغانستان کی مدد سے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی پھیل رہی ہے۔ دہشت گردی کا خاتمہ اہم ہے اور اس معاملے پر تمام فریقوں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ ان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن کے گورنر راج پر اعتراض کے حوالے سے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ لڑائی نہیں بلکہ اختلافِ رائے ہے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا کو اختلاف کا حق حاصل ہے اور مسلم لیگ (ن) کو بھی ان کی رائے سے اختلاف کرنے کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے کا اظہار جمہوری انداز میں ہونا چاہیے۔
پنجاب میں کرپشن سے متعلق وفاقی وزیر چوہدری سالک کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ثبوت کے بغیر الزامات نہیں لگانے چاہئیں۔ چوہدری سالک خود کہہ چکے ہیں کہ ان کے پاس الزامات کے حق میں کوئی ثبوت نہیں۔