متحدہ عرب امارات میں گاڑیوں کی دو سالہ رجسٹریشن کی سہولت متعارف

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کے طریقہ کار میں اہم تبدیلی کی جا رہی ہے، جس کے تحت بعض گاڑیوں کے مالکان کو ہر سال رجسٹریشن کی تجدید کرانے کے بجائے دو سال کے لیے رجسٹریشن حاصل کرنے کی سہولت مل سکے گی۔ تاہم یہ سہولت تمام گاڑیوں کے لیے نہیں ہوگی بلکہ اس کے لیے تین مخصوص شرائط پوری کرنا لازمی ہوگا۔

گلف نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں یکم جنوری 2027 سے نئے وفاقی ٹریفک ضوابط نافذ ہوں گے، جن کے تحت مخصوص شرائط پر پورا اترنے والی ہلکی گاڑیوں کی رجسٹریشن ایک کے بجائے دو سال کے لیے کرانے کی سہولت دی جائے گی۔ یہ تبدیلی وفاقی ٹریفک قانون کے تحت منظور کیے گئے نئے انتظامی قواعد کا حصہ ہے۔

نئے ضوابط کے مطابق عام طور پر گاڑی کی رجسٹریشن ایک سال کے لیے ہی مؤثر ہوگی اور اس کی تجدید بھی ایک سال کے لیے کی جا سکے گی۔ تاہم متعلقہ لائسنسنگ اتھارٹی گاڑی کے مالک کی درخواست پر مخصوص شرائط پوری ہونے کی صورت میں ہلکی گاڑیوں کی رجسٹریشن کی مدت دو سال تک بڑھانے کی منظوری دے سکتی ہے یعنی دو سالہ رجسٹریشن متعلقہ اتھارٹی کی منظوری سے مشروط ہوگی۔

نئے قانون کے آرٹیکل 98 میں دو سالہ رجسٹریشن کے لیے تین بنیادی شرائط مقرر کی گئی ہیں، جن کا پورا ہونا ضروری ہے۔

پہلی شرط یہ ہے کہ گاڑی جب پہلی مرتبہ رجسٹر ہوئی ہو تو اس وقت وہ نئی تیار شدہ ہو۔ دوسری شرط کے مطابق گاڑی کی تیاری کے سال سے اس کی عمر چھ سال سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ تیسری شرط یہ ہے کہ گاڑی کسی کمپنی یا ادارے کے بجائے کسی فرد کی ذاتی ملکیت ہو۔

اس طرح صرف وہی گاڑیاں دو سالہ رجسٹریشن کے لیے درخواست دینے کی اہل ہوں گی جو ان تینوں شرائط پر پوری اترتی ہوں۔

تاہم ان شرائط پر پورا اترنے کا مطلب یہ نہیں کہ گاڑی کو خودکار طور پر دو سال کی رجسٹریشن مل جائے گی۔ متعلقہ لائسنسنگ اتھارٹی درخواست کا جائزہ لینے کے بعد اس کی منظوری دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کرے گی۔

نئے ضوابط میں فی الحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ دو سالہ رجسٹریشن کے لیے اضافی فیس وصول کی جائے گی یا اس کے لیے کوئی مزید تقاضے بھی پورے کرنا ہوں گے۔

دائیں جانب اسٹیئرنگ والی گاڑیوں کی رجسٹریشن پر پابندی

نئے ٹریفک قوانین میں دائیں جانب اسٹیئرنگ (رائٹ ہینڈ ڈرائیو) رکھنے والی گاڑیوں کی سڑکوں پر استعمال کے لیے رجسٹریشن پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ تاہم ایسی گاڑیوں کو نمائش کے مقصد کے لیے رکھنے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔

اسی طرح جو گاڑیاں مقررہ حفاظتی معیار پر پوری نہیں اتریں گی، انہیں بھی رجسٹریشن نہیں مل سکے گی۔

گاڑی کی رجسٹریشن کے لیے مالک یا اس کا قانونی طور پر مجاز نمائندہ متعلقہ لائسنسنگ اتھارٹی کے منظور شدہ طریقہ کار یا ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے درخواست جمع کرا سکے گا۔

نئے ضوابط کے تحت پانچ سال سے زائد عرصے سے غیر مؤثر رجسٹریشن رکھنے والی گاڑیوں کو ٹریفک ریکارڈ سے خارج کیا جا سکتا ہے، تاہم اس کے لیے متعلقہ حکام کو منظور شدہ طریقہ کار اور شرائط کے مطابق فیصلہ کرنا ہوگا۔ اس حوالے سے واضح کیا گیا ہے کہ یہ کارروائی خودکار طور پر نہیں ہوگی۔

قواعد میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر گاڑی کا مالک پیشگی اجازت کے بغیر اس کی باڈی، انجن یا رنگ میں تبدیلی کرتا ہے تو اس کی رجسٹریشن معطل کی جا سکتی ہے۔ عدالت کے حکم پر بھی رجسٹریشن معطل کرنے کا اختیار ہوگا۔

اسی طرح اگر کسی سنگین حادثے کے نتیجے میں گاڑی کا چیسز یا باڈی اس حد تک متاثر ہو جائے کہ اس کی مرمت ممکن نہ رہے یا وہ استعمال کے قابل نہ ہو تو حکام اس کی رجسٹریشن منسوخ کر سکیں گے۔ عدالت کے حکم یا متعلقہ قانونی کارروائی کے تحت عوامی نیلامی میں فروخت ہونے والی گاڑی کی رجسٹریشن بھی منسوخ کی جا سکتی ہے۔

مزید برآں، اگر کوئی گاڑی مقررہ رجسٹریشن شرائط یا حفاظتی معیار پر پوری نہ اترے اور تکنیکی معائنے میں سڑک پر چلانے کے لیے غیر موزوں قرار پائے تو حکام اس کی رجسٹریشن کی تجدید سے انکار کر سکیں گے۔

نئے ضوابط میں معذور افراد کے لیے بھی خصوصی سہولت رکھی گئی ہے۔ آرٹیکل 104 کے تحت معذور شخص کی ملکیت میں موجود ایک گاڑی کو مقررہ رجسٹریشن فیس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ تاہم یہ رعایت صرف ایک گاڑی تک محدود ہوگی اور اس کا اطلاق دو سالہ رجسٹریشن کی شرائط سے الگ ہوگا۔

ڈرائیونگ لائسنس کے حوالے سے بھی نئے قواعد میں مختلف اقسام کی گاڑیاں چلانے کے لیے کم از کم عمر مقرر کی گئی ہے۔ آرٹیکل 54 کے مطابق ہلکی گاڑی کا لائسنس حاصل کرنے کے لیے درخواست گزار کی عمر کم از کم 18 سال جبکہ بھاری گاڑی کے لائسنس کے لیے 20 سال ہونا ضروری ہے۔

قواعد میں مزید بتایا گیا ہے کہ پہلی قسم کی موٹر سائیکل چلانے کا لائسنس 17 سال کی عمر میں حاصل کیا جا سکے گا، جبکہ دوسری قسم کی موٹر سائیکل کے لیے کم از کم عمر 21 سال مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح ہلکی اور بھاری بس چلانے کے لیے لائسنس حاصل کرنے کی کم از کم عمر بھی 21 سال ہوگی، جبکہ ہلکی یا بھاری مشینری چلانے کے لائسنس کے لیے درخواست گزار کی عمر کم از کم 20 سال ہونی چاہیے۔

ڈرائیونگ لائسنس کی مدت اور تجدید کے نئے قواعد

نئے ضوابط میں ڈرائیونگ لائسنس کی مدت اور اس کی تجدید کے حوالے سے بھی الگ شرائط متعین کی گئی ہیں۔ آرٹیکل 55 کے مطابق 21 سال سے کم عمر افراد کو جاری کیے جانے والے لائسنس عارضی ہوں گے اور ان کی مدت ایک سال ہوگی، جس کے بعد مزید ایک سال کے لیے تجدید کرائی جا سکے گی۔

دوسری جانب 21 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کو پہلی مرتبہ جاری ہونے والا ڈرائیونگ لائسنس دو سال تک مؤثر رہے گا۔ اس کے بعد تجدید کے وقت متحدہ عرب امارات اور خلیج تعاون کونسل کے شہریوں کو 10 سال جبکہ غیر ملکی رہائشیوں کو پانچ سال کی مدت کے لیے لائسنس جاری کیا جائے گا۔ قواعد کے تحت دونوں زمروں کے افراد کو مقررہ مدت مکمل ہونے پر دوبارہ تجدید کرانے کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں ٹریفک سے متعلق یہ نئے انتظامی ضوابط یکم جنوری 2027 سے نافذ العمل ہوں گے۔ ان کے تحت گاڑیوں کی رجسٹریشن، سڑکوں پر گاڑیوں کے حفاظتی معیار اور ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا و تجدید سمیت مختلف امور کے لیے نئے قواعد متعارف کرائے جا رہے ہیں۔

Related posts