سعودی عرب کا انوکھا اقدام، اونٹوں کے لیے پاسپورٹ متعارف کرا دیا

ریاض میں سعودی عرب نے عالمی سطح پر اونٹوں کے لیے خصوصی ’کیمل پاسپورٹ‘ کے اجرا کا اعلان کر دیا ہے۔ اس منصوبے کا افتتاح سعودی نائب وزیرِ ماحولیات، پانی اور زراعت منصور المشیطی نے کیا۔

سعودی حکام کے مطابق کیمل پاسپورٹ ایک جامع شناختی اور تنظیمی دستاویز کے طور پر کام کرے گا، جس کا مقصد اونٹوں کی رجسٹریشن، نگرانی اور عالمی معیار کے مطابق شناخت کو یقینی بنانا ہے۔

حکام نے بتایا کہ کیمل پاسپورٹ میں مائیکرو چِپ نمبر، پاسپورٹ نمبر اور تاریخِ پیدائش درج ہوگی۔ اس کے علاوہ اونٹ کا نام، نسل، جنس، رنگ اور جائے پیدائش بھی پاسپورٹ کا حصہ ہوگا، جبکہ شناخت کے لیے جانور کی تصویر بھی شامل کی گئی ہے۔

سعودی حکام کے مطابق یہ اقدام مویشیوں کے تحفظ، افزائش اور عالمی سطح پر سعودی ثقافتی ورثے کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب میں قومی ورثے کے تحت 22 لاکھ اونٹ رجسٹرڈ ہیں، جبکہ ریاض ریجن میں رجسٹرڈ اونٹوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے، جو 6 لاکھ 56 ہزار سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

Similar Posts