صدر اور وزیراعظم کی امام بارگاہ دھماکے کی مذمت، زخمیوں کو طبی سہولت فراہم کرنیکی ہدایت

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترلائی میں امام بارگاہ کے اندر خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وفاقی دارالحکومت میں دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور صبرِ جمیل کی دعا کی۔

صدرِ مملکت نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

صدر زرداری کا کہنا تھا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف جرم ہے، قوم مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعظم کی مذمت

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے امام بارگاہ میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہادتوں پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا جبکہ اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کی۔ وزیرِ اعظم نے شہداء کی بلندی درجات اور انکے اہل خانہ کیلئے صبر کی دعا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات ہوئی، انہوں نے واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے ذمہ داران کے فوری تعین کی ہدایت کی۔ وزیرِ اعظم ے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور وزیر صحت کو خود نگرانی کرنے کا حکم دیا۔

وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ دھماکے کے ذمہ داران کو تعین کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جائے، ملک میں شر پسندی اور بدامنی پھیلانے کی ہر گز کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات گلگت بلتستان، مرکزی سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل پاکستان، صدر اے این پی ایمل ولی خان، وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، بلاول بھٹو، نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ اور گورنر کے پی سمیت دیگر رہنماوں نے مذمت کی۔

Similar Posts