اسلام آباد میں کھیلی گئی ٹائی کے دوسرے روز ڈبلز مقابلے میں پاکستان کے اعصام الحق اور مزمل مرتضیٰ نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے سینیگال کے سیڈینا آندرے اور نکولس جان کو سخت مقابلے کے بعد 6-7، 6-7 سے شکست دی اور پاکستان کی برتری کو فیصلہ کن بنا دیا۔
اس سے قبل سنگلز مقابلوں میں بھی پاکستان کے مزمل مرتضیٰ اور تجربہ کار عقیل خان نے فتوحات سمیٹ کر ٹیم کو مضبوط برتری دلا دی تھی۔
پاکستان کی کامیابی پر پاکستان ٹینس فیڈریشن کے پیٹرن سلیم سیف اللہ، سیکرٹری کرنل ر ضیا الدین، عارف سمیت دیگر شخصیات نے قومی ٹینس ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے پاکستان ڈیوس کپ ٹیم کے کپتان رشید ملک نے کہا کہ اس کامیابی کا مکمل کریڈٹ کھلاڑیوں کو جاتا ہے جنہوں نے دباؤ میں بہترین کھیل پیش کیا۔ چونکہ پاکستان میزبان ملک تھا اس لیے حکمت عملی بھی ہوم کنڈیشنز کے مطابق ترتیب دی گئی، جبکہ بیرونِ ملک مقابلوں کے لیے بھی اسی طرز کی جامع پلاننگ کی جائے گی۔
رشید ملک نے مزید کہا کہ مستقبل میں مزید بین الاقوامی ایونٹس کے لیے پاکستان مکمل طور پر تیار ہے۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق نے ٹیم کپتان رشید ملک کو خصوصی کریڈٹ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں یہ کامیابی ممکن ہوئی۔تمام کھلاڑیوں نے بھرپور محنت کی۔ بطور صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن یہ ان کی پہلی ہوم ڈیوس کپ ٹائی تھی اور یہ جیت انتہائی اہم تھی۔