کراچی صوبہ مہاجر قوم کو تیسری مرتبہ تقسیم کرنے کی سازش ہے، آفاق احمد

مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ کراچی صوبہ مہاجر قوم کو تیسری مرتبہ تقسیم کرنے کی سازش ہے، جس کی حمایت فارم 47کی بدولت اقتدار پر مسلط لوگ کررہے ہیں۔

کراچی کے ضلع وسطی میں مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے  زیر اہتمام خواتین کنونشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں یونیورسٹی کی طالبات سمیت خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر چیئر مین آفاق احمد نے کہا کہ کراچی نعرہ ہمارا نہیں بلکہ پنچاب اسٹیبلشمنٹ کی خواہش ہے جس کی حمایت فارم 47کی بدولت اقتدار پر مسلط لوگ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ کا مؤقف بالکل واضح ہے کہ ہم اپنی قوم اور زمین کو تقسیم ہونے نہیں دیں گے۔

آفاق احمد نے کہا کہ کراچی صوبہ مہاجر قوم کو تیسری مرتبہ تقسیم کرنے کی سازش ہے، پہلی مرتبہ قیام پاکستان کے وقت اور دوسری تقسیم 1971 میں سقوط ڈھاکا کی شکل میں ہوئی اور ہم تیسری تقسیم کے متحمل نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم شہری سندھ پر مبنی جنوبی سندھ صوبے کا قیام چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آقاؤں کی تبدیلی کے لیے اپنی قوم کی گردنیں نہیں کٹواسکتے ہمارے لیے صوبہ اور وفاق ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، وفاق ہم سے مخلص ہوتا تو ہمیں مردم شماری میں پورا گن لیتا تاکہ ہمیں کسی کے آگے اپنے وسائل واختیارات کے لیے ہاتھ پھیلانا نہ پڑتے۔

آفاق احمد نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ پر صرف الزام برائے الزم کی سیاست کی گئی، متاثرین آج بھی اپنے پیاروں کی تلاش میں در بدر بھٹک رہے ہیں جبکہ حکمران بے حسی کا چولا پہنے گھوم رہے ہیں۔

چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ نے کہا کہ خواتین کسی بھی معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہوتی ہیں انہیں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور مضبوط معاشرے کے قیام میں کردار ادا کرنا ہوگا۔

Similar Posts