دولت سے کون سی چیز نہیں خریدی جاسکتی؟ دنیا کے امیر ترین شخص کا چونکا دینے والا بیان سامنے آگیا

دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کا کہنا ہے کہ دولت خوشی نہیں خرید سکتی، اور یہ حقیقت وہ لوگ بہتر طور پر سمجھتے ہیں جنہوں نے یہ بات کہی۔

ایلون مسک، جو ٹیسلا، اسپیس ایکس اور دیگر بڑی کمپنیوں کے مالک ہیں، نے یہ بات حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ کے ذریعے کہی۔

ایلون مسک نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ یہ جملہ بالکل درست ہے کہ دولت سے خوشی نہیں خریدی جا سکتی، اور جس شخص نے یہ کہا وہ اچھی طرح جانتا تھا کہ وہ کیا کہہ رہا ہے۔ ان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا، جس پر صارفین نے مختلف انداز میں ردعمل دیا۔

کئی صارفین نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ اگر دولت خوشی نہیں خرید سکتی تو ایلون مسک انہیں 10 لاکھ ڈالر بھیج کر اس بات کو سمجھنے کا موقع دیں۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ فلسفیانہ باتیں کرنا اس وقت آسان ہو جاتا ہے جب کرایہ اور بل ادا ہو چکے ہوں۔

کچھ افراد نے کہا کہ اگرچہ دولت خوشی کی مکمل ضمانت نہیں، لیکن اس کی کمی انسان کی زندگی پر گہرے اثرات ڈال سکتی ہے۔ بعض صارفین کا یہ بھی کہنا تھا کہ حقیقی خوشی دوسروں کی مدد میں ہے، اور ایلون مسک کے پاس اربوں افراد کی زندگی بہتر بنانے کا موقع موجود ہے۔

یہ پوسٹ ایسے وقت میں سامنے آئی جب ایلون مسک کی دولت عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ فوربز کے مطابق حالیہ دنوں میں وہ دنیا کے پہلے شخص بنے تھے جن کی مجموعی دولت 800 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی تھی، تاہم بعد ازاں اس میں کچھ کمی ریکارڈ کی گئی۔

Similar Posts