آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے بارہویں میچ میں پاکستان کی امریکا کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔
امریکا کی دعوت پر پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم کو 54 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم صائم ایوب 19 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد آنے والے بلے باز سلمان علی آغا بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 56 کے اسکور پر سلمان علی آغا بھی ایک رن بنانے کے بعد اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔
سلمان علی آغا کے آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم کریز پر آئے اورانہوں نے صاحبزادہ فرحان کے ساتھ مل کر ٹیم کی کمان سنبھالی اور دونوں بلے بازوں کے درمیان تیسری وکٹ پر 81 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم ٹیم کا اسکور 137 تک پہنچا تو بابر اعظم 32 گیندوں پر 46 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔
بابر اعظم کے آؤٹ ہوتے ہی اگلے اوور میں پاکستان کو 143 کے اسکور پر چوتھا نقصان بھی اٹھانا پڑا، صاحبزادہ فرحان 73 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں پانچ چھکے اور چھ چوکے شامل تھے۔
اس وقت قومی ٹیم نے 18 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنالیے ہیں۔ شاداب خان 25 اور محمد نواز چار رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
میچ کا ٹاس
سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے جارہے ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ اے کے میچ میں امریکا کے کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔
پاکستان نے آج کے میچ کے لیے پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے سلمان مرزا کی جگہ اسپنر عثمان طارق کو شامل کیا ہے جب کہ امریکا کی ٹیم میں علی خان کی جگہ پاکستان کے سابق فاسٹ بولر احسان عادل کو شامل کیا گیا ہے۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ایک تبدیل کرتے ہوئے کوشش ہوگی امریکا کے خلاف بڑا اسکور کریں، کافی عرصے سے ہماری ٹیم اچھی کرکٹ کھیل رہی ہے۔
امریکی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہم اچھی بولنگ کرکے پاکستان کو کم اسکور پر روکنے کی کوشش کریں گے، ہم نے گزشتہ میچ میں بھارت کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلی۔
پاکستان کا اسکواڈ
سلمان علی آغا کی قیادت میں پاکستان ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، عثمان طارق اور ابرار احمد شامل ہیں۔
امریکا کا اسکواڈ
امریکی ٹیم میں کپتان موناک پٹیل، ایندریس گوس، شایان جہانگیر، ملند کمار، سنجے کرشناموتھی، شبھم رانجانے، ہرمیت سنگھ، محمد محسن، شیڈلے وین شواک ویک، احسان عادل اور سورابھ نیٹراوالکر شامل ہیں۔
واضح رہے پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جب کہ امریکا کو بھارت کے خلاف اپنے پہلے میچ میں 29 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستانی ٹیم دوسرا میچ جیت کر گروپ میں پہلے نمبر پر آجائے گی جب کہ امریکا کے لیے اب یہ میچ ڈو اور ڈائی ہوگا۔