دھرندھر کی کامیابی کے بعد بڑی مشکل، رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کی سیکیورٹی سخت

رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کی ممبئی میں واقع رہائش گاہ کی سیکیورٹی وٹس ایپ میں وائس نوٹ کے ذریعے بھتے کے لیے دھمکی آمیز کال موصول ہونے کے بعد سخت کردی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دھرندھر کی کامیابی کے بعد رنویر سنگھ مشکل میں پھنس گئے ہیں اور وٹس ایپ میں انہیں دھمکی آمیز وائس نوٹ موصول ہوا ہے تاہم بالی ووڈ کے کامیاب جوڑے نے فوری طور پر پولیس حکام کو آگاہ کردیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ حکام نے اس معاملے پر تفتیش شروع کردی ہے اور دھمکی آمیز پیغام بھیجنے والے نامعلوم ملزم کی شناخت کے لیے کوششوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ رنویر سنگھ کو بھیجے گئے وائس مسیج میں دھمکی کے ساتھ ایک بڑی رقم کا مطالبہ کیا گیا ہے، اسی لیے انہوں نے ممبئی پولیس کو بروقت آگاہ کردیا، جس کے بعد ان کی رہائش گاہ کے باہر مسلح سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون کے ہاؤسنگ کمپلیکس سے مقامی پولیس کو جاری خط میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بالی ووڈ اسٹارز کے گھر کے باہر سوسائٹی کی انتظامی کمیٹی کی درکار منظوری کے بغیر 6 مسلح سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے۔

پرائیویٹ سیکیورٹی ٹیم کے ساتھ ایک باوردی پولیس افسر کو بھی رنویر سنگھ کے گھر کے باہر سیکیورٹی کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

ممبئی پولیس نے بیان میں کہا کہ بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ کو دھمکی آمیز پیغام ملنے کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کردی ہے، دھمکی میں ممبئی کے علاقے پرابھادیوی میں بیو مونڈے عمارت کا حوالہ دیا گیا ہے جہاں اداکار کی رہائش گاہ ہے۔

رنویر سنگھ کی فلم دھرندھر کو 2025 میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں شمار کیا جاتا ہے جس نے حالیہ مہینوں میں خوب شہرت حاصل کی اور اس کے بعد دھرندھر 2 کی تیاری بھی شروع کردی گئی۔

دپیکا پڈوکون بیٹی کی پیدائش سے قبل ستمبر 2024 میں فلم سنگھم اگین میں نظر آئی تھیں تاہم طویل عرصے بعد شاہ رخ خان کے ساتھ نئی فلم کنگ میں جلوہ گر ہوں گی۔

Similar Posts