لاہور، 32 سالہ خاتون کا بہیمانہ قتل، ایس ایس پی انویسٹی گیشن کا موقع پر دورہ

شفیق آباد کے علاقے میں 32 سالہ خاتون نمرہ کے اندوہناک قتل کے واقعے پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور شواہد کا تفصیلی معائنہ کیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ نمرہ کو نامعلوم ملزم نے چھریوں کے وار کرکے قتل کیا۔ واقعے کے وقت نمرہ کا شوہر اپنی والدہ کو طبی معائنے کیلئے اسپتال لے گیا ہوا تھا جبکہ نمرہ گھر میں اکیلی موجود تھی۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے موقع پر موجود شواہد کا جائزہ لیا اور ایس پی سٹی انویسٹی گیشن فرحت عباس کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دیتے ہوئے ملزم کی فوری گرفتاری کا ٹاسک سونپ دیا۔

فرانزک ماہرین بھی جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں تاکہ ملزم کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

محمد نوید نے مقتولہ کے لواحقین سے ملاقات کر کے انہیں فوری انصاف کی یقین دہانی کرائی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم کو جلد گرفتار کرکے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی اور کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

Similar Posts