ایکسپریس نیوز کے مطابق کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی کے افسران کا اجلاس منعقد کیا، جس میں شہر میں صفائی کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کریں، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ساتھ رابط اور تعاون فراہم کریں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے سوئپنگ کارکردگی کو بہتر بنایا جائے گی اور کام کے اوقات پر سختی سے عمل کرایا جائے گا۔
اجلاس میں طے پایا کہ جن سڑکوں اور علاقوں میں صفائی کی شکایت ہوگی متعلقہ انچارج افسر کو وضاحت دینی ہوگی جبکہ سالڈ ویسٹ بورڈ کو ہدایت کی گئی کہ شہریوں کو صفائی نظر آنی چاہیے۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز نے اپنے اپنے ضلع میں صفائی کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس نے کم عمر بچوں سے صفائی کے کام کی شکایات کا نوٹس لیا اور فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ افسران کو پابند کیا جائے گا کہ وہ ملازمت میں عمر کی حد کی شرائط پر سختی سے عمل کریں جبکہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے تمام افسران ملازمت کی مقررہ حد اور مقررہ کم از کم تنخواہ کے قانون پر سختی عمل کرائیں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے ضلع میں صٖفائی کے کام کو بہتر بنانے کے لئے متعلقہ افسران کے ساتھ مانیٹرنگ کا نظام مؤثر بنائیں۔
اجلاس میں شاہراؤں پر شہریوں کے لئے تکلیف کا باعث بننے والی کچرا کنڈیوں کے خاتمے اور منتقلی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
کمشنر کو بتایا گیا کہ شہر میں چھوٹی بڑی تین ہزار کچرا کنڈیویں میں سے دوہزار پانچ سو کچرا کنڈیاں ختم کر دی گئی ہیں جبکہ رہ جانے والی پانچ سو کچرا کنڈیوں کی سڑکوں سے منتقل کی منصوبہ بند ی کر لی گئی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہر ضلع میں کچرا کنڈی کے متبادل کے طور پر ایک ری سائیکلنگ سائٹ بنائی جائے گی جہاں کچرے کو ری سائیکل کیا جا سکے گا اس سلسلہ میں سالڈ ویسٹ بورڈ نے ٹاون انتظامیہ سے جگہ کی نشاندھی کے لئے رجوع کیا ہے۔
اجلاس میں مینجنگ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق نظامانی نے کمشنر کو سویپنگ کارکردگی، گاربیج ٹرانسفر اسٹیشنز کے قیام اور لینڈ فل سائٹس پر ری سائیکلنگ یونٹس منصوبہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔