ٹی20 ورلڈکپ میں بھارت کو بڑا دھچکا، ابھیشیک شرما کی پاکستان کیخلاف میچ میں شرکت غیر یقینی

ابھیشیک شرما کی آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کے خلاف اہم میچ میں شرکت تاحال غیر یقینی ہے، تاہم بھارتی ٹیم مینجمنٹ کو امید ہے کہ اوپنر مکمل فٹنس حاصل کرلیں گے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج مقابلہ اتوار 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول ہے۔ بھارتی اسکواڈ آج رات دہلی سے کولمبو روانہ ہوگا، جہاں میچ سے قبل ٹریننگ سیشن میں ابھیشک شرما کی فٹنس کا حتمی جائزہ لیا جائے گا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق ابھیشیک شرما معدے کے انفیکشن کا شکار ہوئے تھے، جس کے باعث انہیں اسپتال میں داخل ہونا پڑا۔ طبیعت بہتر ہونے پر انہیں ڈسچارج کردیا گیا اور انہوں نے ٹیم کو دوبارہ جوائن بھی کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بیماری کے دوران ان کا وزن تقریباً دو کلو کم ہوا ہے اور کمزوری کے باعث انہیں خصوصی غذا دی جارہی ہے۔

ایک ویڈیو پیغام میں ابھیشک شرما نے ساتھی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ صرف دال چاول کھا رہے ہیں اور صحت یابی کے مرحلے سے گزر رہے ہیں۔

لیگ اسپنر ورون چکرورتی نے نمیبیا کے خلاف میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ابھیشیک شرما تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں اور ممکنہ طور پر پاکستان کے خلاف میچ کھیل سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ابھیشیک نے حالیہ دنوں میں پریکٹس بھی کی ہے اور وہ بہتر محسوس کررہے ہیں۔

بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے ٹاس کے موقع پر کہا تھا کہ اوپنر کو مکمل فٹنس حاصل کرنے کے لیے ایک یا دو میچ درکار ہوسکتے ہیں، اسی لیے انہیں نمیبیا کے خلاف میچ میں شامل نہیں کیا گیا۔

25 سالہ لیفٹ ہینڈ بیٹر ابھیشک شرما نے 2024 میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو کیا اور اب تک 39 میچز میں 1297 رنز بناچکے ہیں۔

2025 میں وہ بھارت کے سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے کھلاڑی رہے ہیں اور انہوں نے 21 میچز میں 859 رنز اسکور کیے۔ انہوں نے ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف 135 رنز کی شاندار اننگز بھی کھیلی تھی۔

ان کی غیر موجودگی میں اوپنر سنجو سیمسن کو موقع دیا گیا، تاہم وہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔

ذرائع کے مطابق کولمبو میں میچ سے ایک روز قبل ٹریننگ سیشن کے بعد میڈیکل ٹیم کی سفارش پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا کہ ابھیشیک شرما پاکستان کے خلاف پلیئنگ الیون کا حصہ ہوں گے یا نہیں۔

Similar Posts