نک جوناس سے علیحدگی کی افواہوں پر پریانکا چوپڑا کا دو ٹوک موقف

بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے شوہر کے ساتھ تعلقات سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں پر خاموشی توڑتے ہوئے واضح انداز میں ردعمل دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر کچھ لوگ ان کی شادی کے خاتمے کے خواہش مند ہیں تو وہ اپنی خواہش دل میں رکھیں، کیونکہ انہوں نے ایسی باتوں پر توجہ دینا چھوڑ دیا ہے۔

شوبز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق 43 سالہ اداکارہ نے پہلی بار کھل کر ان قیاس آرائیوں پر بات کی ہے جو ابتدا ہی سے اس جوڑے کے گرد منڈلاتی رہی ہیں۔ حالیہ دنوں میں ان کی مبینہ علیحدگی سے متعلق بھی خبریں سامنے آئیں، جس کے بعد یہ معاملہ مزید زیر بحث آ گیا۔

پریانکا چوپڑا کا کہنا تھا کہ وہ آج تک یہ نہیں سمجھ سکیں کہ ان کی شادی میں ایسی کون سی بات تھی جو بعض لوگوں کو کھٹکتی رہی۔ ان کے مطابق ممکن ہے اس کی وجہ یہ ہو کہ وہ اور ان کے شوہر مختلف ثقافتی پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک، مذاہب، ثقافتوں اور عمر کے فرق پر شادی کے وقت جو بحث چھڑی، وہ کسی حد تک تکلیف دہ ضرور تھی، تاہم انہوں نے اور ان کے شوہر نے ان باتوں کو اہمیت دینے کے بجائے اپنے رشتے کو ترجیح دی۔

اداکارہ نے بتایا کہ ان کی شادی کو آٹھ برس مکمل ہو چکے ہیں اور اگر کچھ افراد اب بھی اس کے خاتمے کے منتظر ہیں تو یہ ان کی ذاتی سوچ ہے۔ ان کے بقول وہ اس بارے میں مزید سوچنا مناسب نہیں سمجھتیں، کیونکہ ہر شخص کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے فیصلے خود کرے اور جس کے ساتھ چاہے زندگی گزارے۔

انہوں نے شوہر نک جوناس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان میں اخلاص اور سنجیدگی جیسی خوبیاں نمایاں ہیں، جو انہیں اپنے والدین سے وراثت میں ملی ہیں۔ پریانکا کے مطابق جب وہ پہلی بار نک جوناس سے ملیں تو انہیں اندازہ نہیں تھا کہ وہ بھی اسی مزاج اور سوچ کے حامل ہیں، اور یہی ہم آہنگی ان کے رشتے کو مضبوط بناتی ہے۔

واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا نے 2018 میں نک جوناس سے شادی کی تھی۔ شادی کی تقریبات بھارت کی ریاست راجستھان میں منعقد ہوئیں۔ اس وقت پریانکا کی عمر 36 برس جبکہ نک جوناس 26 برس کے تھے۔ جنوری 2022 میں ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی، جس کا نام مالتی میری رکھا گیا۔
 

Similar Posts